اسلام آباد (مشرق نیوز) سابق کرکٹرز نے کہاہے کہ سابق کپتان نے اقتدار میں آکر کرکٹ کا نظام الٹا کردیاٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں امریکہ کے خلاف شکست کے بعد سے پاکستان ٹیم پر تنقید اور ہار پر تبصروں کا سلسلہ نہ رک سکا۔ امریکہ کے خلاف شکست کے بعد سابق کرکٹر سکندر بخت، عمران نذیر اور احمد شہزاد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔سکندر بخت نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ اس دن سے تباہ ہونا شروع ہوئی جس دن سے نیا پاکستان بنا۔ بانی پی ٹی آئی نے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ ختم کر کے صرف 6 ٹیمیں بنا دیں، سابق کپتان نے اقتدار میں آکر کرکٹ کا نظام الٹا کردیا، کراچی جیسے بڑے شہر میں کلب کرکٹ، کالج اور یونیورسٹیز کی کرکٹ ختم ہوگئی ہے۔اس موقع پر احمد شہزاد نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی امریکہ سے شکست اپ سیٹ شکست نہیں،ہم آئرلینڈ، نیدرلینڈز، زمبابوے اور اب امریکہ سب سے ہار چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا حال وہی ہونے والا ہے جو ہاکی ٹیم کا ہوگیا تھا، بنیاد مضبوط نہیں ہوتی تو ایسے ہی نتائج سامنے آتے ہیں، پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ تباہ ہوچکی ہے۔سابق کرکٹر عمران نذیر نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا حال ہاکی ٹیم جیسا ہوگا نہیں بلکہ ہاکی جیسا ہو چکا ہے۔یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ءکے پہلے میچ میں پاکستان کو اپ سیٹ شکست ہوئی تھی، امریکہ نے سپر اوور میں پاکستان کو باآسانی ہرا دیا تھا۔
سابق کپتان نے اقتدار میں آکر کرکٹ کا نظام الٹا کردیا، سابق کرکٹرز کا تبصرہ
















