ٹی20 ورلڈکپ، پاکستان، بھارت میچ آئی سی سی کی تجوریاں بھر دے گا
دوبئی (مشرق نیوز) ٹی20 ورلڈک میں پاکستان اور بھارت میچ سے ہی آئی سی سی اپنی تجوریاں بھرلے گی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ سے ہی خوب کمائی کا منصوبہ بنارکھا ہے، 9 جون کو شیڈول میچ کی عام ٹکٹیں پہلے ہی ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوچکیں، 6 مہنگے پیکیجز میں سے 3 مکمل طور پر بک ہوچکے، اب صرف 3 پیکیجز میں ٹکٹ دستیاب ہیں، ان میں سے ایک ڈائمنڈ کلب کی نشستیں بالکل وکٹ کے عقب میں ہیں جس سے میچ کا سب سے شاندار نظارہ ملے گا، اس کو مکمل طور پر ایئرکنڈیشن بنایا گیا ہے۔ ٹکٹ ہولڈر کو نہ صرف میچ سے قبل پلیئرز سے ملاقات کا موقع ملے گا بلکہ انہیں فیلڈ تک رسائی بھی ہوگی، دوران میچ انتہائی شاندار کھانا اور بہترین مشروبات فراہم کیے جائیں گے، اس کی 4 کیٹیگریز ہیں اور ہر ایک میں فی ٹکٹ کی قیمت 10 ہزار ڈالر ہے جو پاکستانی روپے میں 28 لاکھ روپے کے قریب بنتی ہے۔ پریمیئر کلب لاو¿نج میں پاک بھارت میچ کیلئے ایک ٹکٹ 2500 ڈالر کی ہے، اس میں بھی پچ کا بہترین نظارہ ملے گا اور شاندار کھانے اور مشروبات کے آپشن موجود ہیں، اس پیکیج میں شراب تک خریدی جاسکتی ہے۔ تیسرا کارنر کلب پیکیج ہے جس کی ٹکٹیں پاک بھارت میچ کیلئے تاحال دستیاب ہیں، یہاں پر ایک ٹکٹ کی قیمت 2750 ڈالر ہے۔ دوسری جانب اس وینیو پر باقی شیڈول ورلڈکپ کیلئے تمام 6 پیکیجز میں نہ صرف ٹکٹ باقی ہیں بلکہ کئی میچز کی تو عام ٹکٹیں بھی ابھی تک فروخت کیلئے دستیاب ہیں۔
















