نیویارک (مشرق نیوز) نیویارک میں پاک بھارت میچ کیلئے سکیورٹی کا مسئلہ سر اٹھانے لگا، 9 جون کو ہونے والے ٹاکرے سے قبل دہشت گردی کے حملے کی خبریں سامنے آنے لگیں۔نیویارک انتظامیہ نے دھمکیوں کے بعد پاک بھارت میچ کیلئے سکیورٹی بڑھا دی ہے۔دھمکی آمیز رپورٹس کے سامنے آنے کے بعد سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ان رپورٹس کے حوالے سے ابھی کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔نیویارک گورنر آفس کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ صورتحال پر نظر رکھی ہوئی اور انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق ابھی دہشت گردی کا کوئی خطرہ نہیں ۔نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچول کے مطابق میں قانون نافذ کرنے والے حکام کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانے کےلئے کام کر رہی ہوں کہ ایونٹ کسی ناخوشگوار واقعے کے بغیر مکمل ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ عوامی تحفظ میری اولین ترجیح ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کےلئے پرعزم ہیں کہ کرکٹ ورلڈ کپ محفوظ اور یادگار ثابت ہو گا۔دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس حوالے سے کہا کہ ایونٹ کے دوران تمام مقامات پر سیکیورٹی سخت ہو گی۔آئی سی سی کے ایک ترجمان نے کہا کہ سب کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور ایونٹ کیلئے ہمارے پاس ایک جامع اور مضبوط سیکیورٹی پلان موجود ہے۔ ترجمان کے مطابق ہم میزبان ممالک کے حکام کیساتھ ملکر کام کرتے ہیں اور عالمی منظر نامے کی مسلسل نگرانی اور جائزہ لیتے ہیں۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران نیو یارک میں ایک تنظیم کی جانب سے حملے کی دھمکی کی رپورٹس سامنے آئی تھیں۔دہشت گرد گروپ نے حملوں کی دھمکی کے حوالے سے ویڈیو بھی جاری کی۔
امریکہ میں پاک، بھارت میچ سے قبل دہشت گردی کی خبریں ،سکیورٹی بڑھا دی گئی
















