لاہور (مشرق نیوز) پاکستان سپر لیگ نویں ایڈیشن سے والے منافع اور نقصانات کی ابتدائی تفصیل منظر عام پر آگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ مجموعی طور پر سینٹرل انکم پول میں 7 ارب روپے سے زائد رقم جمع ہوگی، ہر فرنچائز کے حصے میں 98 کروڑ روپے سے زائد رقم آئیگی، البتہ کھلاڑیوں کے معاوضے، ہوٹل میں قیام، ائیر ٹکٹنگ وغیرہ کے اخراجات 55سے60 کروڑ روپے تک کے ہوں گے، ہر ٹیم کا الگ حساب ہوگا، اسکے بعد جب فرنچائز فیس منہا کریں تو کئی ٹیمیں خسارے میں چلی جائیں گی۔ فرنچائز کو اپنی سپانسر شپ سے بھی ٹیموں کو رقم حاصل ہوگی، کم از کم 3 ٹیمیں منافع حاصل کریں گی جبکہ ملتان سلطانز سمیت دیگر کو نقصان ہوگا۔ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کو بھی خسارے کا سامنا ہو سکتا ہے، البتہ اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کو منافع ہوگا۔ راولپنڈی میں 2 میچز بارش کی نذر ہونے اور کراچی میں کم کراو¿ڈ کے سبب 17 فیصد تک خسارہ ہوا جو 10 کروڑ روپے تک بنتا ہے، ڈالرز کے بڑھتے ریٹ کی وجہ سے پلیئرز کی تنخواہوں کی رقم بھی 37 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہیں۔ پی سی بی کو ابھی بعض سٹیک ہولڈرز کی جانب سے واجب الادا رقوم کا انتظار ہے، بعدازاں اکاو¿نٹس کو حتمی شکل دی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق اس بار ٹکٹنگ سے 17 فیصد کم رقم حاصل ہوئی، اس مد میں تقریباً 10 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، ایونٹ سے قبل بیشتر فرنچائزز نے پی سی بی سے درخواست کی تھی کہ کراچی سے آغاز کرتے ہوئے لاہور میں اختتام کریں لیکن حکام نے یہ بات نہ مانی جس کا بعد میں نقصان اٹھانا پڑا۔ اس تلخ تجربے سے سبق سیکھتے ہوئے آئندہ برس دسویں ایڈیشن کے صرف 5 میچز ہی نیشنل سٹیڈیم میں کروانے کا پلان بنایا گیا ہے، اس سال پلیئرز کی تنخواہوں کی رقم بھی ڈالر کی وجہ سے بڑھ کر 37 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اجلاس رواں ماہ ہی متوقع ہے جس کی صدارت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کریں گے، اس موقع پر کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد فیصلے کیے جائیں گے۔
پی ایس ایل9، منافع اور نقصانات کی ابتدائی تفصیل منظر عام پر
















