پارلیمنٹ نے اسرائیل کو تسلیم کیا تو اینٹ سے اینٹ بجا دینگے،فضل الرحمن

لاہور: (اپنے نمائندے سے)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستا ن کے زیر اہتمام مرکزی امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی صدارت میں ایوان اقبال لاہور میںہونےوالی” قومی فلسطین کانفرنس “میں فضل الرحمن، لیاقت بلوچ، مولانا عبدالغفور حیدری، کیپٹن (ر)صفدر، فلسطینی رہنما ڈاکٹر سعد مولانا امجد خان ،مولانا احمد لدھیانوی، شاہ اویس نورانی ،کاشف نواز رندھاوا، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، قاری عتیق الرحمن شاہ ،حافظ یونس آزاد، مولانا عبدالرشید حجازی ، مولانا سبطین شا ہ نقوی ،رانا شفیق خاں پسرور ی، شیخ عاطف، شیخ شجاع الدین ودیگر شریک تھے۔

کنونیئر کانفرنس ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کانفرنس کا اعلامیہ پیش کیا جس میں کہا گیا ہم یہاں فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کےلئے جمع ہوئے ہیں، یہ مسلمانوں کا ہی نہیں انسانیت کا مسئلہ ہے،عالمی برادری فلسطین کو فوری طور پر آزاد ریاست تسلیم کرے اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لایا جائے۔

سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا فلسطینی بھائی مدت سے ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں یہودیو ں نے برطانیہ کی سرپرستی میں دہشت گردتنظیموں کے ذریعے فلسطین پر قبضہ کیا،حماس نے اسرائیل کے ناقابل تسخیر کا خواب توڑدیا ،فلسطین کا مسئلہ حماس نے از سرنو زندہ کیا ہے، اسرائیل نے مصر کو 6 دنوں میں زیر کرلیا تھا 6 ماہ ہوگئے اسرائیل فلسطینیوں کو زیر نہیں کرسکا ،وہ دن آئے گا فلسطینی غالب آئیں گے اور ہم مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھیں گے۔

سربراہ جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمن نے قومی فلسطین کانفرنس سے خطاب میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی، فضل الرحمن نے کانفرنس میں شریک فلسطینی رہنماﺅں سے عربی زبان میں یکجہتی کا اظہار کیا ، فضل الر حمن نے خبردار کیا اگر پارلیمنٹ نے اسرائیل کو تسلیم کیا تو ہم اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے ،ہم نے قائد اعظم کے اسرائیل مخالف نظریہ کو بھی نہیں سمجھا، ہم نے نظریہ پاکستان سے بھی بے وفائی کی، آج تک اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہیں کیا گیا، یواین او اسرائیل کو دفاع کا جواز فراہم کرتا ہے، مسلم دنیا کیوں ہچکچا رہی ہے،روس نے غلطی کرکے افغانستان میں جنگ چھیڑی جس سے دنیا میں طاقت کا توازن بگڑ گیا،قوام متحدہ کو فلسطین اور القدس کی آزادی کی بات کرنا ہوگا، فضل الرحمن نے ستمبر میں مینار پاکستان پر ختم نبوت کی گولڈن جوبلی منا نے کااعلان کردیا۔

کیپٹن (ر)صفدر نے کہا جہاد فی سبیل اللہ کا وقت آگیا، فلسطین جہاد سے آزاد ہو گا ،قادیانی یہودیوں کے ایجنٹ ہیں ،پارلیمنٹ خاموش ہے ، فضل الرحمن کی دعوت پر کراچی جاﺅں گا۔

مولانا احمد لدھیانوی نے کہا کیپٹن صفدر کا خطاب مولویوں والا تھا، کراچی میں جلسہ کرکے اعلان کریں گے فلسطین کب جانا ہے،جمعیت علمائے پاکستان کے صدر شاہ اویس نورانی نے کہا مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ، شہباز شریف نے فلسطین پر کبھی آواز نہیں اٹھائی ،بم سجانے کےلئے رکھا ہے کیا َ ، اسرائیل زمین پر آکر لڑے تو اسکا حشر افغانستان میں نیٹو افواج کی طرح ہوگا۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے چیف آرگنائزر چودھری کا شف نواز رندھاوا نے کہا ہم فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کےلئے تن من دھن کی بازی لگادیں گے، لیاقت بلوچ نے کہا اتحاد کے بغیر فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔کانفرنس میں قائدین نےشرکا کے ساتھ مل کر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بھی بنائی۔کانفرنس میں بڑی تعدادمیں لوگوں نے شرکت کی۔