آسٹریلیا کو پاکستان کے بجائے بھارت کیخلاف سیریز کی فکر ستانے لگی

سڈنی (مشرق نیوز) آسٹریلیا کو پاکستان کے بجائے بھارت کے خلاف سیریز کی فکر ستانے لگی، پاکستان نے رواں سال وائٹ بال سیریز کیلئے آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے۔تفصیلات کے مطابق وائٹ بال سیریز میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں جبکہ بھارت نے ٹیسٹ سیریز کیلئے اس کے بعد آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا نے بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں ہرانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے، آسٹریلیا بھارت کو اپنے ہوم گرانڈ میں اس مرتبہ شکست دینے کا خواہشمند ہے۔ آسٹریلوی میڈیا نے کہا کہ پاکستان کے خلاف وائٹ بال سیریز آسٹریلیا کے لیے ثانوی حیثیت رکھتی ہے، آسٹریلوی سلیکٹرز کیمرون گرین کو ٹیسٹ سیریز کے لیے تیار کریں گے، پاکستان کے خلاف سیریز کے بجائے وہ ڈومیسٹک شیفلڈ شیلڈ میں حصہ لیں گے۔آسٹریلیا کے کوچ اینڈریو میکڈانلڈ نے کہاکہ ہمارے لئے اس وقت فکر کی بات بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہے، پاکستان کے خلاف بھی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی سیریز ہے، میں چاہوں گا کہ ہماری ٹیم ریڈ بال کی تیاری کرے۔