رواں سال اولمپکس میں ایک خاتون باکسر حجاب پہن کر مقابلوں میں حصہ لیں گی
لندن (مشرق نیوز) رواں سال اولمپکس میں ایک خاتون باکسر حجاب پہن کر مقابلوں میں حصہ لیں گی۔برطانوی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کی باکسر ٹینا رحیمی رواں سال پیرس میں منعقد ہونے والے اولمپکس میں شرکت کریں گی،ٹینا رحیمی حجاب پہن کر اولمپکس میں شرکت کرنے والی پہلی آسٹریلوی باکسر ہوں گی۔27 سالہ ٹینا رحیمی نے بتایا کہ میں آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ اولمپکس میں شرکت کرونگی، میں آسٹریلیا میں پیدا ہوئی تھی اسلئے میں آسٹریلیا کی شہری ہوں۔ٹینا رحیمی کے مطابق میرے والدین ایرانی ہیں اور وہ نوجوانی میں آسٹریلیا آئے تھے، میرے والد ریسلنگ کی وجہ سے یہاں آئے تھے، وہ ایران اور آسٹریلیا میں چیمپئن تھے۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں میرا مختلف ہونا میرے لئے ایک بڑا چیلنج تھا، مجھے ایسا لگتا ہے جیسے میں دوسروں جیسی نظر نہیں آتی یا لباس نہیں پہنتی، جب میں حجاب پہنتی ہوں تو واقعی بہت گرمی لگتی ہے۔ٹینا رحیمی کے مطابق اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کون سا لباس پہن رہے ہیں آخر میں نتیجے اس بات کی خود گواہی دیتے ہیں۔
















