جنرل اسمبلی،پاکستان کی بڑی کامیابی،علاقائی امن و عالمی سلامتی کےلئے 4قراردادیں منظور

جنیوا(مشرق نیوز) جنرل اسمبلی میں پاکستان کی بڑی کامیابی،علاقائی امن و عالمی سلامتی کےلئے چاروں قراردادوں کو منظور کرلیا گیا،قراردادوںکا مقصد جوہری ہتھیاروں کے پھیلاﺅکو روکنا اور عالمی سلامتی کو تقویت دینا تھا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 2قراردادوں کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا جبکہ دیگر 2 کو اکثریت کی حمایت حاصل ہوئی، قراردادوں کی منظوری علاقائی امن اور عالمی استحکام کو فروغ دینے اور سکیورٹی کے دیگر اہم مسائل پر پاکستان کے مﺅ قف کےلئے عالمی برادری کی وسیع حمایت کی عکاسی کرتی ہے۔

پاکستان کی جانب سے پیش کی گئیں پہلی 2 قراردادیں تخفیف جوہری اسلحہ اور علاقائی اور ذیلی علاقائی تناظر میں اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق تھیں جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا،تیسری قرارداد ”علاقائی اور ذیلی علاقائی سطحوں پر روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول” کے حق میں 193 میں سے 186 رکن ممالک نے ووٹ دیے، قرارداد کی مخالفت کرنے والوں میں بھارت بھی شامل تھا،قرارداد میں ایک اہم پہلو جس پر روشنی ڈالی گئی ہے وہ علاقائی تناظر میں ضرورت سے زیادہ روایتی فوجی خطرے کو تسلیم کرنا تھا جس کی واضح مثال جنوبی ایشیا میں بھارت کا جنگی جنون ہے،پاکستان کی چوتھی قرارداد کا عنوان تھا جوہری ہتھیاروں کے استعمال یا استعمال کے خطرے کےخلاف غیر جوہری ریاستوں کے حفاظت کو یقینی بنانے کےلئے موثر بین الاقوامی انتظامات کرنا تھا، قرارداد کو 123 ووٹوں سے منظوری ملی۔