سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر مقرر
لاہور (مشرق نیوز) سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو قومی مینز سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا۔ وہاب ریاض کا پہلا اسائنمنٹ 14 دسمبر سے 7 جنوری تک آسٹریلیا میں ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور نیوزی لینڈ میں 12 سے 21 جنوری تک ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔ وہاب ریاض نے 2008 میں اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز کیا اور 27 ٹیسٹ، 91ون ڈے میچوں اور 36ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر237 وکٹیں حاصل کیں اور1200 رنز بنائے۔ وہ تین عالمی کپ کھیل کر ان مقابلوں میں 35 وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے دوسرے سب سے کامیاب بولر رہے۔ وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس ذمے داری کیلئے ان پر اعتماد کیا۔
















