ایشیا کپ ،شاہینوں کو بھارت کے ہاتھوں شرمناک شکست

کولمبو(ایم این پی)باﺅلنگ کے بعد بیٹنگ بھی بری طرف فلاپ،بھارت نے ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان کو228رنز کے بڑے مارجن سے بدترین شکست دےدی۔

بارش سے متاثرہ میچ دوبارہ شروع ہوا تو بھارتی بیٹرز نے مار مار کر بھرکس نکال دیا،پاکستانی باﺅلر ایک بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے،ویرات کوہلی ،کے ایل راہول نے گراﺅنڈ کے چاروں اطراف شاندار سڑوکس کھیلے ،دونوں نے شاندار سنچریاں جڑیں،کوہلی 122 اور کے ایل راہول 111رنز بناکر ناٹ آﺅٹ رہے،بھارت نے 2وکٹوں کے نقصان پر356رنز بنائے۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹنگ لائن خزاں کے پتوں کی طرح بکھر گئی،دفاعی حکمت عملی اختیار کرنےوالی قومی ٹیم کے بیٹرز تو چل میں آیا پر عمل کرتے ہوئے وقفے وقفے سے واپس لوٹتے رہے،کوئی ایک بھی بلے باز وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔

ایک موقع پر پھر بادل برسے اور میچ روکدیا گیا مگر تھوڑی دیر بعد میچ دوبارہ شروع ہوگیا ،بارش بھی قومی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

پاکستا ن کی8وکٹیں 32اوورز میں صرف128پر گرگئیں نسیم شاہ اور حارث رﺅف بیٹنگ کیلئے نہ آسکے ،بھارت نے میچ228رنز سے جیت لیا۔