لیبیا میں سمندری لہروں کی وجہ سے خوف و ہراس، ہوٹل خالی کروا لئے گئے

طرابلس (مشرق نیوز) سمندری طوفان ڈینیل کے اثرات کی متوقع آمد کی تیاری میں لیبیا میں گذشتہ گھنٹوں کے دوران مکمل الرٹ دیکھا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملک کی 3 بڑی بندرگاہوں کو 3 دن تک بند رکھنے کے بعد مسلح افواج اور ایمرجنسی حکام نے ساحلوں کے قریب واقع متعدد ہوٹلوں کو خالی کرا لیا ہے۔ان ہوٹلوں میں بن غازی بیچ پر واقع گالیانا ہوٹل کو گاہکوں سے خالی کر دیا گیا تھا۔ اتوار کو سمندر کی اونچی لہروں اور تیز ہواﺅں کی وارننگ کے بعد اس کے مہمانوں کو دوسرے ہوٹلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی فوٹیجز میں لیبیا کے ساحلی علاقوں کی سڑکوں پر پانی بہتے دیکھا جا سکتا ہے۔لیبیا میں عوامی حلقوں کی طرف سے سوشل میڈیا پر تیز ہواں کے خوفناک مناظر بھی شیئر کیے جا رہے ہیں۔ متعدد محلوں میں بجلی کے ٹرانسفارمرز میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔حکام نے ملک کے مشرقی اور مغربی علاقوں میں سمندری طوفان کی وجہ سے ہائی الرٹ کیا ہے۔