جنوبی افریقہ کے خلاف ویمنز سیریز کے کمنٹری پینل کا اعلان

کراچی (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والی وائٹ بال سیریز کے کمنٹری پینل کو حتمی شکل دے دی ہے،کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پہلے تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل یکم، تین اور چار ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ یہ میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہونگے جس کے بعد تین ون ڈے انٹرنیشنل 8 ،11 اور 14 ستمبر کو ہونگے یہ میچ سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہونگے۔پی سی بی کے اعلامیہ کے مطابق سکندر بخت ، علی یونس،کائنات امتیاز ، لینا عزیز اور شاہ فیصل کمنٹری پینل کا حصہ ہونگے جبکہ مہک کھوکھر پریزینٹر ہونگی۔اس سیریز کی کوریج پندرہ کیمروں سے ہوگی جبکہ دونوں ٹیموں کو ریفرل کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔پاکستان میں ناظرین اس سیریز کو پی ٹی وی نیشنل اور پی ٹی وی سپورٹس پر دیکھ سکیں گے جبکہ اس کی لائیو سٹریمنگ پاکستان ریجن میں اے آر وائی زیپ پر ہوگی۔اس سیریز کیلئے ٹکٹوں کی قیمتیں شائقین کی حوصلہ افزائی کے لیے مناسب رکھی گئی ہیں۔ان ٹکٹوں کی فروخت ستائیس اگست سے Pcb.bookme.pkپر شروع ہوچکی ہے۔اس کے علاوہ یہ ٹکٹ میچوں کے دنوں میں اسٹیڈیم کے باکس آفس میں بھی دستیاب ہونگے۔فضل محمود، حنیف محمد اور جاوید میانداد انکلوژرز کو شائقین کیلئے رکھا گیا ہے۔ ان تینوں انکلوژرز میں پہلے اور دوسرے ٹی ٹوئنٹی کی ٹکٹ 100 روپے کی رکھی گئی ہے جبکہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں یہ ٹکٹ ڈیڑھ سو روپے کا ہوگا۔اسی طرح پہلے اور دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں یہ ٹکٹ 100 روپے جبکہ تیسرے ون ڈے میں یہ 150 روپے کا ہوگا۔