ذکا اشرف کی ممکنہ برطرفی، ہائیکورٹ کی حکومت کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت

لاہور (مشرق نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی ممکنہ برطرفی کے معاملے پر وفاقی حکومت کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے درخواست مزید سماعت کیلئے جسٹس شاہد کریم کے پاس بھجوانے کی سفارش کر دی۔لاہور ہائی کورٹ نے درخواست سیکرٹری الیکشن کمیشن کے پاس بھجوانے کی استدعا مسترد کر دی۔عدالتی حکم پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ ابھی معاملہ صرف کابینہ ڈویژن کے پاس گیا ہے، درخواست گزار نے سمری چیلنج کر رکھی ہے۔ذکا اشرف کے وکیل نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل سیکرٹری پی سی بی اپنی مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین لانا چاہتا ہے، سیکریٹری پی سی بی نے وزیرِ اعظم کے پرنسپل سیکریٹری کو ذکا اشرف کو ہٹانے کے لیے خط لکھ دیا۔وکیل نے کہا کہ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے ملک میں عام انتخابات کے تناظر میں اداروں کو خط لکھا، پی سی بی کا ملک میں ہونے والےعام انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پی سی بی کی تعیناتی وفاقی حکومت نے کی، نگراں حکومت منتخب حکومت کے فیصلوں کو ختم کرنے کا اختیار نہیں رکھتی۔ذکا اشرف کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت سیکریٹری پی سی بی کی جانب سے ذکا اشرف کو ہٹانے کیلئے لکھے گئے خط کو کالعدم قرار دے۔