ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اچھے چانسز ہیں:جیف لاسن

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ و سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر جیف لاسن نے کہا ہے کہ پہلے آسٹریلیا اور پھر پاکستان دوسری ٹیم ہے جسے فالو کرتا ہوں۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لگائے جانے والے ایج گروپ کوچنگ کیمپ میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جیف لاسن نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اچھے چانسز ہیں، ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنائے گی۔46 ٹیسٹ اور 79 ون ڈے میچز کھیلنے والے جیف لاسن نے پاکستان میں دوبارہ آنے اور اردو زبان کو زبردست قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں نوجوان کرکٹرز کے ساتھ کام کر کے اچھا محسوس کیا خاص طور پر انڈر 13 کرکٹرز کے ساتھ کام کیا جو اچھا لگا، ان کھلاڑیوں میں غیر معمولی ٹیلنٹ ہے۔جیف لاسن نے کہا کہ میرے دور کے کھلاڑی اب کوچز بن چکے ہیں جن میں مصباح الحق بہت کامیاب ہیں۔بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے امکانات کے بارے میں جیف لاسن نے کہا کہ پاکستان کے ورلڈ کپ میں چانسز ہیں، یہ ورلڈ کپ بہت کلوز ہوگا، کوئی ایک ٹیم فیورٹ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ چار پانچ ٹیمیں فیورٹ میں شامل ہوں گی، برصغیر کنڈیشنز میں کھیلنے کا پاکستان ٹیم کو فائدہ ہوگا اور اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ہیں۔جیف لاسن نے کہا کہ بابر اعظم دنیا کے بہترین کرکٹرز میں شامل ہیں، وہ جب بھی کھیلنے کیلئے آتے ہیں خود کو بہتر بناتے ہیں اور کپتانی میں بھی وہ شاندار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ رضوان بھی باصلاحیت ہیں، پاکستان ٹیم کی فاسٹ بولنگ بھی اچھی ہے اور بھارتی کنڈیشنز کے مطابق سپنرز بھی اچھے ہیں۔