مسئلہ بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر کے کھڑا کیا: نجم سیٹھی

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مسئلہ بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر کے کھڑا کیا۔بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ہماری حکومت بھی دہشت گردی کو بھڑکانے کا الزام بھارت پر لگا سکتی ہے۔2008ءکے بعد سے اب تک دونوں ممالک میں دہشت گردی کے حوالے سے بہتری آ چکی ہے، 2009ءمیں سری لنکا پر حملہ ہوا تو اس کے بعد اب مکمل انٹرنیشنل کرکٹ واپس آ چکی ہے۔پاکستان اور بھارت کی دونوں حکومتیں ایک دوسرے پر الزام لگا سکتی ہیں، اب کسی ایک کو آگے بڑھنا ہے اور کھیلنا ہے، پاکستان میں صورتحال بہت اچھی ہے۔مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ چار برسوں سے پاکستان میں مسلسل کرکٹ ہو رہی ہے، ہنگامے تو دہلی میں بھی ہوئے تھے تو کیا یہ شہر غیر محفوظ تھا، عمران خان جب سڑکوں پر تھے تو نیوزی لینڈ کی ٹیم کرکٹ کھیل رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صورتحال کچھ اوپر نیچے ہے لیکن ستمبر میں معاملات بہتر ہوں گے، اگر بھارتی حکومت اپنی ٹیم کو پاکستان آنے سے روکے گی تو پاکستان حکومت بھی ایسا کرےگی۔