کراچی (مشرق نیوز) ملتان سلطانز کے کپتان اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کہا ہے کہ وہ یہ نہیں جانتے کہ فارم کیا چیز ہے، وہ صرف محنت کرنا جانتے ہیں اور اس پر ہی یقین رکھتے ہیں۔ ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ وہ ملتان سلطانز کے پی ایس ایل 8 میں آغاز سے مطمئن ہیں، پلیئرز سے جو ڈیمانڈ ہے وہ اس سے زیادہ کرکے دے رہے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ میں جب ان کی ذاتی کارکردگی پر بات کی گئی اور سوال کیا گیا کہ اس زبردست فارم کا راز کیا ہے تو رضوان نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ فارم کیا ہے اور نہ ہی جاننا چاہتے ہیں کہ فارم کیا ہوتی ہے، ان کا ایمان صرف محنت کرنے پر ہے اور وہ صرف محنت کرنے پر یقین کرتے ہیں کیوں کہ جو محنت کرتا ہے اسے اس کا صلہ ضرور ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو کسی اور پلیئر سے بہتر ہونا ہے تو اس سے زیادہ محنت کرنا ہوگی اگر دنیا کا بہترین پلیئر بننا ہے تو سب سے زیادہ محنت کرنا پڑے گی۔رضوان نے کہا کہ آن دا فیلڈ محنت کے ساتھ ساتھ آف دا فیلڈ محنت بھی کافی اہم ہوتی ہے اور یہ باتیں انہوں نے یونس خان اور مصباح الحق سے سیکھی ہیں۔ایک سوال پر محمد رضوان نے کہا کہ ان کی کارکردگی میں بہتری کی ایک وجہ ان کے بیٹنگ آرڈر کی تبدیلی ہے، بیٹنگ آرڈر تبدیل ہونے کے بعد سے ان کی بیٹنگ پرفارمنس سب کے سامنے ہے۔
فارم نہیں میں تو صرف محنت پر یقین رکھتا ہوں: محمد رضوان
















