نیویارک (مشرق نیوز) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش خراسان اپنی عسکری صلاحیتوں میں اضافہ کر رہی ہے اور اس نے جدید فوجی سازوسامان، بشمول بغیر پائلٹ ڈرونز، حاصل کرلئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق داعش خراسان افغانستان کے اندر اور سرحدوں سے باہر حملے کرنے کی صلاحیت بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے انسدادِ دہشت گردی کے قائم مقام انڈر سیکریٹری جنرل الیگزینڈر زویف نے روسی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ بعض رکن ممالک سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق داعش خراسان کے پاس جدید ٹیکٹیکل آلات اور ڈرونز موجود ہیں۔
اقوام متحدہ کے عہدیدار نے کہا کہ داعش خراسان اپنی آپریشنل صلاحیتیں دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور طالبان حکومت پر بھی دباو بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے افغانستان میں القاعدہ اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی سرگرمیوں اور ان کے باہمی روابط پر بھی تشویش ظاہر کی۔
ان کے مطابق ٹی ٹی پی کے حملوں کا بنیادی ہدف پاکستان ہے، جبکہ افغانستان میں موجود شدت پسند تنظیموں کی سرگرمیاں پورے خطے کی سلامتی کیلئے چیلنج بن سکتی ہیں۔
داعش خراسان ڈرونز حاصل کرنے لگی، افغانستان سمیت پاکستان کو بھی دہشت گردی کا خطرہ
















