اسلام آباد (مشرق نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا پاکستان کا سرکاری دورہ مکمل ہوگیا، وہ 6 سے 8 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کے دوران اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کرتے رہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے 6 اکتوبر کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی، اس موقع پر اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں، کثیرالجہتی نظام اور مذاکرات و سفارتکاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے تنازع کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل پر زور دیا، انہوں نے سندھ طاس معاہدے کو یک طرفہ طور پر معطل کرنے کے بھارتی فیصلے سے بھی آگاہ کیا اور اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔ اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام اور ان کے حق خودارادیت و ریاست کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
انتونیو گوتریس نے 6 اکتوبر کو صدر پاکستان سے بھی ملاقات کی جہاں صدر آصف علی زرداری نے عالمی امن اور ترقی کیلئے خدمات کے اعتراف میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو نشان امتیاز عطا کیا۔
7 اکتوبر کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور علاقائی و عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کیلئے پاکستان کی دیرینہ خدمات، خصوصاً امن مشنز میں نمایاں کردار اور مذاکرات، ثالثی اور عالمی تعاون کے فروغ کیلئے کوششوں کو سراہا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت و پاکستان کے ہیڈکوارٹر کا دورہ بھی کیا جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں بریفنگ میں شرکت کی، جہاں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور قبل از وقت انتباہ کے نظام میں پاکستان کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
7 اکتوبر کو انتونیو گوتریس نے فارن سروس اکیڈمی میں ’بدلتی دنیا میں کثیرالجہتی نظام کا استحکام، جغرافیائی سیاست اور اقوام متحدہ کا کردار‘ کے موضوع پر خصوصی گفتگو میں بطور مہمان مقرر شرکت کی، اپنے خطاب میں انہوں نے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی عوام کی سخاوت، ثابت قدمی اور یکجہتی کو سراہا۔
وزارت خارجہ کے مطابق دورے سے پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان دیرینہ شراکت داری کے اعادے اور علاقائی و عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کا اہم موقع ملا، جبکہ کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کیلئے پاکستان کے عزم کی بھی توثیق ہوئی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ مکمل، عالمی امن کیلئے پاکستانی کردار کی تحسین



















