اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جامع اور موثر حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بڑھتے ہوئے صحت کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے علاج کے ساتھ بیماری سے بچاو پر بھی خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم سے ذیابیطس کے علاج سے متعلق بین الاقوامی اور قومی طبی ماہرین کے وفد نے ملاقات کی، جس میں بیماری کی روک تھام، عوامی آگاہی اور صحتمند طرز زندگی کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نوجوانوں، بالخصوص کالجوں اور جامعات کے طلبہ میں صحتمند طرز زندگی کو فروغ دینے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں، متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور صحت مند معمولاتِ زندگی اپنانے کے حوالے سے عوامی آگاہی کو قومی سطح پر فروغ دیا جائے۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ٹیلیویژن، ریڈیو، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے ذیابیطس سے بچاو، بروقت تشخیص اور صحتمند طرز زندگی سے متعلق معلومات عام کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کی روک تھام کیلئے قومی ترجیحات کے مطابق واضح پالیسی اور قابل عمل منصوبہ بندی ناگزیر ہے، اس مقصد کیلئے متعلقہ ادارے تحقیق، عوامی آگاہی اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مربوط حکمت عملی مرتب کریں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے، بین الاقوامی تجربات، تحقیق اور بہترین عملی طریقوں سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان میں بیماری کی روک تھام کے اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے۔
ملاقات میں شریک طبی ماہرین کا وفد پاکستان میں اینڈوکرائنولوجی سیمینار میں شرکت کیلئے موجود ہے، وفد کے شرکا نے ذیابیطس اور دیگر بیماریوں کی روک تھام کیلئے پاکستان میں کیے جانے والے اقدامات اور پالیسیوں کے نفاذ کو سراہا۔
طبی ماہرین نے پاکستان میں ذیابیطس کی روک تھام اور عوامی آگاہی مہم میں تعاون کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی طبی ماہرین دنیا بھر میں ذیابیطس اور دیگر امراض کے علاج اور روک تھام کیلئے اہم خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وزیراعظم کی ذیابیطس کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت



















