کاروباری افراد کے جان و مال کا تحفظ اوّلین ترجیح ہے: ایس پی سٹی

لاہور (سٹاف رپورٹر) لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورزم ایسوسی ایشن ریلوے سٹیشن زون کے وفد نے ایس پی سٹی ڈویژن ارشد حیات کانجو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں ریلوے سٹیشن زون میں ہوٹل انڈسٹری کو درپیش مسائل، امن و امان کی صورتحال، سکیورٹی انتظامات، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سیاحوں و مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ایس پی سٹی کو ریلوے سٹیشن زون میں قائم ہوٹلز، گیسٹ ہاوسز اور دیگر کاروباری مراکز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے کہا کہ ریلوے سٹیشن لاہور شہر کا ایک اہم داخلی و تجارتی مرکز ہے جہاں روزانہ بڑی تعداد میں مسافر، تاجر، سیاح اور دیگر شہری آتے جاتے ہیں۔ اسلئے علاقے میں بہترین سکیورٹی، ٹریفک کے بہتر انتظام اور پولیس و کاروباری برادری کے درمیان موثر رابطہ انتہائی ضروری ہے۔ وفد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہوٹل انڈسٹری ملکی معیشت اور سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ لاہور آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کیلئے ریلوے اسٹیشن زون ایک اہم قیام گاہ ہے، اس لیے یہاں ایک محفوظ، پرامن اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی سے نہ صرف ہوٹل انڈسٹری بلکہ شہر کی مجموعی کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ ایس پی سٹی ڈویژن ارشد حیات کانجو نے وفد کے مسائل اور تجاویز کو غور سے سنا اور کہا کہ پولیس کاروباری طبقے کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اور کاروباری افراد کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ریلوے سٹیشن سمیت شہر کے اہم علاقوں میں سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہوٹل انڈسٹری اور پولیس کے درمیان باہمی رابطے کو مزید بہتر بنایا جائیگا تاکہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں بروقت کارروائی اور مسئلے کا حل ممکن ہو سکے۔ ایس پی سٹی نے ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے میں پولیس اپنا کردار ادا کرے گی۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی اور علاقے میں امن و امان، قانون کی پاسداری اور مثبت کاروباری ماحول کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ پولیس اور ہوٹل انڈسٹری کے درمیان باہمی رابطوں کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہیگا۔ ملاقات میں چیئرمین لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورزم ایسوسی ایشن ریلوے سٹیشن زون میاں ساجد، صدر خالد معراج، سینئر نائب صدر سید ممتاز حسین بخاری، نائب صدر اقبال معراج اور سیکرٹری اطلاعات شوکت اللہ موجود تھے۔