پنجاب میں گندم کی قلت، آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، شہری پریشان

لاہور (نعیم جاوید) لاہور سمیت پنجاب بھر میں گندم کی قلت اور آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ حکومتی اقدامات اور مارکیٹ کی عملی صورتحال میں واضح فرق سامنے آنے لگا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 5 ہزار 900 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے جبکہ لاہور میں گندم 5 ہزار 750 روپے فی من فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح 15 کلو آٹے کا تھیلا ہول سیل مارکیٹ میں 2 ہزار 500 روپے تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث عام صارفین کیلئے آٹا خریدنا مزید مشکل ہو گیا ہے محکمہ زراعت کی جانب سے رواں سال گندم کی پیداوار میں کمی اور تقریباً 25 لاکھ ٹن کے شارٹ فال کی نشاندہی کی گئی ہے، جس کے اثرات اب مارکیٹ میں واضح طور پر محسوس کئے جا رہے ہیں۔ فلور ملز ذرائع کے مطابق پنجاب بھر کی فلور ملز کو روزانہ تقریباً 15 سے 20 ہزار ٹن گندم درکار ہے، تاہم سرکاری سطح پر تقریباً 3 ہزار 500 ٹن گندم جاری کی جا رہی ہے، جو مجموعی طلب کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔ سرکاری کوٹے کی فراہمی میں تاخیر کے باعث فلور ملز کو اوپن مارکیٹ سے مہنگے داموں گندم خریدنا پڑ رہی ہے، جس کا براہ راست اثر آٹے کی قیمتوں پر پڑ رہا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمدی گندم کے ذریعے مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم کرنے کی کوششیں بھی تاحال مطلوبہ نتائج نہیں دے سکیں، جبکہ فلور ملز مالکان نے صورتحال پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مزید پانچ لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے دوسری جانب پنجاب حکومت نے سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اکتوبر 2026 میں 10 ارب روپے کی سبسڈی اور رعایتی گندم کے کوٹے میں اضافے کی منظوری دی تھی، تاہم مارکیٹ میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے حکومتی ریلیف کے ثمرات عام صارفین تک پہنچنے کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ حکومت کی جانب سے کاشتکاروں کیلئے گندم کی امدادی قیمت 4 ہزار 500 روپے فی من مقرر کرنے اور کھاد و بیج کے پیکیجز کا اعلان بھی کیا گیا، لیکن اس کے باوجود موجودہ سیزن میں گندم کی دستیابی اور قیمتوں کا مسئلہ شدت اختیار کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق 16 نومبر کو ڈائریکٹر جنرل فوڈ پنجاب سیف انور جپہ اور فلور ملز مالکان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سرکاری گندم کے حصول کیلئے گزشتہ تین ماہ سے فعال رہنے کی شرط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ اس شرط کو کم کرکے ایک ماہ کرنے کی فلور ملز کی تجویز مسترد کر دی گئی۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ سرکاری گندم کا کوٹہ حاصل کرنے والی فعال فلور ملز اپنے نجی ذخائر سے بھی سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں گی فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا مو¿قف ہے کہ سرکاری گندم کی محدود فراہمی اور کوٹے کے اجرا میں تاخیر کے باعث ملز کو مہنگی گندم خریدنا پڑ رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک سرکاری کوٹہ حقیقی طلب کے مطابق نہیں بڑھایا جاتا اور اضافی گندم درآمد کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی، اس وقت تک آٹے کی پیداواری لاگت اور قیمتوں میں کمی ممکن نہیں ہوگی دوسری جانب محکمہ خوراک کی جانب سے سپلائی چین کو بہتر بنانے، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم مارکیٹ میں گندم اور آٹے کے بڑھتے نرخوں نے حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کر دئیے ہیںمعاشی و تجارتی حلقوں کے مطابق گندم کی پیداوار میں کمی، سرکاری خریداری اور فراہمی کے نظام میں مشکلات، طلب اور رسد میں بڑھتا ہوا فرق اور درآمدی گندم کی عدم دستیابی موجودہ بحران کی اہم وجوہات ہیں۔ اگر حکومت نے فوری طور پر سرکاری گندم کے اجرا میں اضافہ، فلور ملز کو درپیش مشکلات کا ازالہ اور مارکیٹ میں مو¿ثر نگرانی یقینی نہ بنائی تو آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے جس سے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔