شبقدر، چارسدہ: (مشرق نیوز) ایف سی کے سپیشل پروٹیکشن ،اینٹی رائٹ ونگ کے پہلے بیچ کی پاسنگ آوٹ پریڈ شبقدر ٹریننگ سینٹر میں ہوئی، وزیر داخلہ محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،تقریب میں پہلی مرتبہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت سے تعلق رکھنے والے 983 جوان تربیت مکمل کرنے کے بعد پاس آوٹ ہوئے، 35 خواتین بھی شامل ہیں۔
محسن نقوی نے پریڈ کا معائنہ کیا، چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی،وزیر داخلہ محسن نقوی نے سپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کے جوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے مظاہرے بھی دیکھے اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا شاندار پریڈ نے ثابت کیا تمام جوان متحد، منظم اور اپنے مشن کیلئے پوری طرح تیار ہیں، جوانوں کی کارکردگی عملی تربیت کےساتھ عزم، حوصلے ،ملکی خدمت کے جذبے کی بھی عکاس ہے،سپیشل پروٹیکشن،اینٹی رائٹ ونگ میں شامل ہونےوالے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، تحمل، نظم و ضبط اور فیصلہ سازی حساس حالات میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی،جوانو!عزت، ایمانداری اور ذمہ داری کےساتھ ملک کی خدمت کریں، پاکستان کو آپ پر فخر ہے۔
شبقدر،983 ایف سی جوانوں کی پہلی تاریخی پاسنگ آوٹ پریڈ
















