پنجاب ،دیہی خواتین کےلئے نئے مواقع، آسان سہولیات، ہنر مندی کے پروگرام لانچ

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے دیہی خواتین محنت، محبت، احساس ذمہ داری ،قربانی کی زندہ مثال ، دیہی خواتین کی محنت سے پنجاب کی زمین لہلہاتی،گھر آباد ،معیشت مستحکم ہوتی ہے، دیہی عورت محض محنت کش نہیں ،پنجاب کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے،دیہی خاتون سمیت ہر عورت کا تحفظ میری ریڈ لائن ہے۔

دیہی خواتین کے عالمی دن پراپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہا دیہی خواتین کے حقوق کا دن منانے کامقصد دیہاتی خواتین کی محنت ،کاوشوں کا اعتراف کرنا ہے، دیہی خواتین کی عظمت، قربانی ،انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، چاہتی ہوں دیہی خواتین صرف فارمر نہ رہیں ،خود فیصلہ ساز ،معاشی قوت بنیں،مضبوط، خودکفیل اور خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔

مریم نواز نے کہاحکومت پنجاب نے دیہی خواتین کےلئے نئے مواقع، آسان سہولیات، ہنر مندی کے پروگرام لانچ کیے ،دیہی خواتین کسان ،لائیوسٹاک ،ہمت کارڈ سے مستفید ہو رہی ہیں،دیہی خواتین کےلئے پنجاب کے تمام بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جا رہا ،کاروبار کےلئے بلاسود قرضے، لیپ ٹاپ ،تعلیمی سکالرشپ سے دیہی بیٹیوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی آرہی ہے،ورچوئل پولیس سٹیشن ہر طبقہ کی خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کےلئے قائم کیا گیا ۔

دریں اثنا سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا بصارت سے محروم خصوصی افراد کیلئے اہلخانہ ،متعلقہ خصوصی اداروں کی خدمات قابل ستائش ہیں،بصارت سے محروم تمام باصلاحیت افراد کی کامیابیوں ، نمایاں سنگ میل پر فخر ہے،پنجاب میں خصوصی افراد کے حقوق، تحفظ، خودمختاری کےلئے خلوص کےساتھ کام کر رہے ہیں۔

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رحیم یار خان میں دکاندار پر پیرا افسر کے تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے فوری گرفتاری کا حکم دےدیا،مریم نواز نے کہا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں، کسی شہری کے ساتھ پرتشدد رویہ اپنانے کی اجازت نہیں دینگے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے سانحہ پشاور پر اظہار افسوس کیااورزخمی بچوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاکرتے ہوئے کہاغمزدہ والدین کے دکھ کو سمجھ سکتی ہوں۔