ہر شہر اور گاوں کی ترقی نصب العین ،پراجیکٹ کی خود مانیٹرنگ کررہی ہوں،مریم نواز

لاہور: (نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پاکپتن کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی،عوامی مسائل اور ضروریات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات کرنے والوں میں فاروق احمد مانیکا، چودھری جاوید احمد، عمران اکرم، سردار منصب علی ڈوگر شامل تھے۔ ارکان اسمبلی نے پاکپتن میں اربن اور رورل ڈویلپمنٹ سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے پاکپتن میں الیکٹرو بس کے اجراءاور دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کرانے پر شکریہ ادا کیا۔پاکپتن کے ارکان اسمبلی نے الیکٹروبس کو دہائی کا گیم چینجر منصوبہ قرار دیا۔ ارکان اسمبلی کوپاکپتن میں جاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے معیار،رفتار اور شفافیت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ۔صوبائی ارکان اسمبلی نے پاکپتن شہر کی بیوٹیفکیشن پروزیراعلی مریم نواز اور ٹیم کو خراج تحسین پیش ۔ارکان صوبائی اسمبلی نے عارف والا پاکپتن کیلئے جدید ترین نواز سکولز آف ایمیننس کے قیام پر اظہار تشکر کیا-ارکان صوبائی اسمبلی نے کہاکہ بابا فرید کی دھرتی پر جدید ترین الیکٹروبس شروع کرنے پر عوام کی طرف سے وزیراعلی مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔پاکپتن میں 15ماحول دوست الیکٹروبسیں عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کررہی ہیں ۔پاکپتن میں 15 الیکٹرو بسیں 3 بڑے روٹس پر عوام کے لئے آسانی اور سہولت کا باعث ہیں۔جنرل بس سٹینڈ پاکپتن سے عارف والا، بنگہ حیاتروٹ اور نور پور سیال روٹس پر ہزاروں مسافر مستفید ہورہے ہیں۔

وزیرا علیٰ نے کہا کہ پاکپتن سمیت ہر شہر اور گاوں کی ترقی اور بہتری نصب العین ہے۔مجھے خوشی ہے کہ برسوں سے نظر انداز پاکپتن بھی ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔ہر شہر، ہر علاقے کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی خود مانیٹرنگ کررہی ہوں پنجاب کو بہتر سے بہترین صوبہ بنانے کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے 1965ءکی جنگ کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کو یوم شہادت کے موقع پراپنے پیغام میں خراج عقیدت پیش کیاہے۔ دفاع وطن کیلئے میجرعزیز بھٹی شہید کی قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ شہداءکی عظیم قربانیوں پرپاکستانی قوم کو ناز ہے۔