کوئٹہ (مشرق نیوز) مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے کمانڈر نقیب سمیت 9 دہشت گرد ہلاک کردئیے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں ضلع مستونگ میں کامیاب کارروائی کے دوران کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی کو کامیابی سے نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور ان کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب پشین میں پولیس، اے ٹی ایف اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ سے ملحقہ علاقوں سرانان، کلی اجرم، کلی سلطان، کلی مسافر اور گردونواح میں کیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ آپریشن کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ کارروائی کے دوران 5 مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ آپریشن میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔
پشین کے علاقے سرانان میں سی ٹی ڈی نے آپریشن کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلہ میں 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ترجمان کے مطابق فائرنگ کے باعث سی ٹی ڈی کے 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ ہلاک مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایاجاتا ہے۔
ترجمان کے مطابق مبینہ دہشت گردوں سے اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ ہلاک دہشت گرد گزشتہ کچھ عرصہ سے فورسز اورعام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے، جن کی لاشوں کو کوئٹہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا،تاحال شناخت عمل میں نہیں آئی ہے۔
بلوچستان ، سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز، کمانڈر سمیت 9 دہشت گرد ہلاک

















