لاہور (مرزا ندیم بیگ) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال کی تعیناتی کے بعد صوبے کی جیلوں میں انتظامی نگرانی، قیدیوں کی فلاح و بہبود، سکیورٹی اور اصلاحی پروگراموں پر خصوصی توجہ، آئی جی نے عہدہ سنبھالتے ہی فیلڈ وزٹس کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے جیل حکام کو نظم و ضبط، صفائی، سکیورٹی اور قیدیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ذرائع کے مطابق میاں سالک جلال نے بطور آئی جی جیل خانہ جات ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد مختلف جیلوں کے دورے کرکے انتظامی امور، سکیورٹی انتظامات، قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، کھانے کے معیار، صفائی ستھرائی اور جیل ہسپتالوں سمیت مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ دوروں کے دوران افسران کو واضح ہدایات دی گئیں کہ جیل انتظامیہ قیدیوں کے ساتھ قانون اور قواعد کے مطابق برتاو¿ یقینی بنائے جبکہ کسی قسم کی غفلت یا بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی۔میاں سالک جلال کی جانب سے جیلوں میں اصلاحی سرگرمیوں اور قیدیوں کی رہائی کے بعد انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے اقدامات کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔ جیلوں میں قیدیوں کو مختلف ہنر سکھانے کیلئے تربیتی پروگرام جاری ہیں، جبکہ تقریباً 23 مختلف شعبوں میں فنی تربیت کے پروگراموں پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق قیدیوں کی تعلیم کیلئے جیلوں میں ایک لاکھ سے زائد کتب کی فراہمی بھی اصلاحاتی اقدامات کا حصہ ہے، جس کا مقصد قیدیوں کو دورانِ اسیری تعلیمی اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اسی طرح ہنر مند قیدیوں کو رہائی کے بعد اپنے پاو¿ں پر کھڑا کرنے کیلئے مالی معاونت کی پالیسی بھی زیرِ عمل ہے، جس کے تحت اہل افراد کو کاروبار شروع کرنے کیلئے دو لاکھ روپے تک قرض فراہم کرنے کا منصوبہ سامنے آیا ہے۔آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے جیل ملازمین کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ جیل افسران اور اہلکاروں کے مسائل سننے، ان کے جائز مطالبات پر کارروائی اور محکمانہ امور میں بہتری لانے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ فیلڈ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ماتحت عملے کے مسائل کو نظرانداز کرنے کے بجائے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں سالک جلال نے جیلوں میں سکیورٹی کے ساتھ ساتھ مون سون اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ بارشوں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر جیل انتظامیہ کو پیشگی انتظامات مکمل رکھنے، نکاسی آب، بجلی، خوراک، ادویات اور قیدیوں کی حفاظت سے متعلق انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے جیلوں کے اچانک اور تفصیلی دوروں کا بنیادی مقصد صرف انتظامی معائنہ نہیں بلکہ جیلوں میں جاری اصلاحات پر عملدرآمد کی نگرانی بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ جیل افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ کاغذی کارروائی کے بجائے عملی اقدامات پر توجہ دی جائے اور قیدیوں کو دستیاب سہولیات کے معیار میں بہتری لائی جائے۔میاں سالک جلال کی قیادت میں محکمہ جیل خانہ جات میں سکیورٹی، قیدیوں کی اصلاح و بحالی، تعلیم و فنی تربیت، ملازمین کی فلاح و بہبود، صفائی، صحت اور انتظامی نگرانی کو اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ بنایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے تمام ریجنل اور جیل افسران کو یہ پیغام دیا ہے کہ فرائض میں غفلت، قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک، سکیورٹی میں کوتاہی یا انتظامی بے ضابطگی پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔محکمہ جیل خانہ جات کے حلقوں کا کہنا ہے کہ میاں سالک جلال کے فیلڈ وزٹس اور اصلاحاتی اقدامات کا بنیادی محور جیلوں کو صرف سزا کے مراکز کے بجائے اصلاح، تعلیم، ہنر اور بحالی کے مراکز میں تبدیل کرنا ہے، تاکہ رہائی کے بعد قیدی دوبارہ جرائم کی دنیا میں جانے کے بجائے معاشرے میں باعزت زندگی گزار سکیں۔
قیدیوں کو مفید شہری بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں :میاں سالک جلال


















