ملک بھر کی تمام مارکیٹس، بازار اور کاروباری مراکز بند رہیں گے: رہنما جماعت اسلامی

لاہور (اپنے نما ئندے سے) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک گیر مکمل شٹر ڈاون ہڑتال ، ملک بھر کی تمام مارکیٹس، بازار اور کاروباری مراکز بند رہیں گے۔ تاجر برادری مکمل طور پر اس احتجاج کا حصہ بنے گی اور قوم پر ہونے والے ظلم، مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکس نظام کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے گی حکمرانوں کو عوام پر مسلسل بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ کا فوری خاتمہ کرنا ہوگا اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور ٹیکسز کے ظالمانہ نظام کو ختم کرنا ہوگا۔ جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج کسی ایک فرد، جماعت یا طبقے کے خلاف نہیں بلکہ ظلم اور ناانصافی پر مبنی اس پورے نظام کے خلاف ہے جس نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے، بجلی، گیس اور پٹرول کے بڑھتے ہوئے نرخوں نے کاروباری سرگرمیوں کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ بھاری ٹیکسز نے تاجر برادری کو بھی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور مختلف ٹیکسز کی مد میں عوام سے بھاری رقوم وصول کی جا رہی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے غیر ضروری ٹیکسز ختم کرے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اور نمایاں کمی لائے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور کم آمدنی کے مسائل کا شکار ہیں، ایسے میں مزید ٹیکسز اور قیمتوں میں اضافہ عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ 3 ستمبر کی ملک گیر شٹر ڈاون ہڑتال حکمرانوں کیلئے واضح پیغام ہوگی کہ تاجر، مزدور، نوجوان اور عام شہری اپنے بنیادی حقوق سے دستبردار ہونے کیلئے تیار نہیں۔ تاجر برادری نے ہمیشہ ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کیا ہے، لیکن موجودہ ٹیکس پالیسیوں اور معاشی مشکلات نے کاروبار کرنا مشکل بنا دیا ہے۔ حکومت کو تاجروں کے جائز مطالبات تسلیم کرتے ہوئے انہیں ریلیف فراہم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 18 روز سے جاری دھرنا اس عزم کی علامت ہے کہ عوام اپنے حقوق کے حصول کیلئے متحد ہیں دیگر رہنماﺅں نے کہا کہ ہم اپنے عوامی مطالبات کی منظوری تک احتجاج ختم نہیں کریں گے اور نہ ہی دھرنے سے اٹھیں گے۔ حکومت طاقت یا ہٹ دھرمی کے بجائے عوام کی آواز سنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرے جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ ہر سطح پر جاری رکھے گی۔ جب تک عوام کو حقیقی ریلیف، منصفانہ ٹیکس نظام، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور بنیادی ضروریات زندگی میں آسانی فراہم نہیں کی جاتی، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے عوام، تاجر برادری، نوجوانوں اور مختلف طبقات سے اپیل کی کہ 3 ستمبر کی ملک گیر شٹر ڈاون ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں اور پرامن و منظم انداز میں اپنے حق کیلئے آواز بلند کریں۔