اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وفاقی وزرا نے کہا ہے ملک میں تیل کی قلت نہیں ہونے دی،اوگرا روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم قیمتوں کا تعین کرےگا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ ،علی پرویز ملک نے کہا خطے میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے سے عالمی مارکیٹ میں توانائی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے،ڈیزل کی قیمت 110 سے بڑھ کر 140 ڈالر تک جاپہنچی،قیادت نے خطے کی صورتحال میں بہتری کےلئے کامیاب کوششیں کیں، عوام نے مشکل وقت میں تحمل کا مظاہرہ کیا۔
وزیر پٹرولیم نے کہا وفاق نے پٹرولیم قیمتوں پر سبسڈی کےلئے 130 ارب خرچ کیے ، سبسڈی پروگرام جاری ہے، عوام پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہیں ڈالا گیا،وزیراعظم ،کابینہ نے فیصلہ کیا اوگرا روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرےگا ،قیمتیں ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی،حکومت پٹرولیم مصنوعات کے شعبے کو ڈی ریگولیشن کی طرف لے جا رہی ہے، وزیراعظم نے مقصد کےلئے میری سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی۔
علی پرویز ملک نے کہاملک میں مقامی طور پر تیل و گیس کی تلاش بڑھانے کےلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ترک پٹرولیم 20 سال بعد سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کےلئے اکتوبر میں اپنا جہاز لائے گی،آئی ایم ایف کےساتھ سرکلر ڈیٹ کے معاملے پر کام جاری ہے، ریفائنریز کو اپ گریڈ کر کے خام تیل کے استعمال ، عالمی منڈی کی مسابقتی قیمتوں پر عوام کو تیل کی فراہمی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں،ملک کے انتظامی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا رہا ہے، پاکستان کو بہتر طریقے سے آگے لےکر چلیں گے۔
عطاتارڑ نے کہا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تعلق خطے میں جاری کشیدگی سے ہے، عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان پر بھی پڑتے ہیں،پاکستان کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی کشیدگی کے خاتمے کےلئے کوششوں کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے،کشیدگی عروج پر تھی تو دنیا بھر میں تیل کی قلت پیدا ہوئی تاہم پاکستان نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے اضافی ذخائر کا انتظام کیا اور ملک میں پٹرول کی قلت نہیں ہونے دی۔
وزیر اطلاعات نے کہا مختلف ممالک سے کارگو منگوا کر ملکی توانائی ضروریات پوری کی گئیں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے زیادہ منافع کمانے کی بات درست نہیں،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب ہفتہ وار کی بجائے روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا،نوجوانوں ،بچیوں کو الیکٹرک وہیکل چلاتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، ملک میں جدید ،ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کےلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے، کسی کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائےگی۔
پالیسی تبدیل،اوگرا روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم قیمتوں کا تعین کرےگا،وفاقی وزرا



















