بلوچستان میں فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 19 دہشت گرد جہنم واصل، 11 جوان شہید

کوئٹہ (مشرق نیوز) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الہندوستان کے 19 دہشت گرد ہلاک جبکہ 11 جوانوں نے وطن کے دفاع میں جام شہادت نوش کیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں این-25 پر جھاو کراس اور کرارو کے درمیان انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد روڈ بلاک کر کے مسافروں اور مقامی شہریوں سے بھتہ وصول کرنے میں مصروف تھے۔

سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے بھتہ وصول کرنے والے فتنہ الہندوستان کے 19 دہشت گرد جہنم واصل اور متعدد زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران وطن کے دفاع میں لڑتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے 11 بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کر گئے۔

سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی اس عزم کا واضح اظہار ہے کہ عوام کی جان و مال، شاہراہوں کے تحفظ اور بلوچستان کے امن کو یرغمال بنانے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔