راولپنڈی (مشرق نیوز) پاکستان نے ایک روزہ کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور حاصل کر لیا، گرین شرٹس ایک ہزار ون ڈے میچز کھیلنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئے۔ اس تاریخی موقع پر آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے پاکستانی کپتان کو ایک یادگاری تحفہ پیش کیا، ادھرشاہین شاہ آفریدی نے اس موقع کو پاکستان کرکٹ کیلئے بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے اسے ایک خاص دن قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سیریز کا پہلا ون ڈے پاکستان کی کرکٹ تاریخ کا 1000 واں ایک روزہ میچ تھا۔ پاکستان نے 1973 میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا تھا، گرین شرٹس نے اس سے قبل کھیلے گئے 999 میچز میں 527 فتوحات حاصل کیں، 442 مقابلوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 9 میچز ٹائی اور 21 بے نتیجہ ثابت ہوئے تھے۔
اس دوران قومی ٹیم نے 1992 کا ورلڈ کپ اور 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی جیت کر عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں جس میں فائنل میں بھارت کے خلاف 180 رنز کی شاندار فتح بھی شامل ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اب ون ڈے کرکٹ میں 1000 میچز کھیلنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی ہے جبکہ بھارت 1075 میچ کے ساتھ پہلے اور آسٹریلیا 1019 میچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
اس تاریخی موقع پر آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی کو ایک یادگاری تحفہ پیش کیا، شاہین شاہ آفریدی نے اس موقع کو پاکستان کرکٹ کیلئے بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خاص دن ہے اور میرے لئے بھی اس کا حصہ بننا بہت اہمیت کا حامل ہے۔
پاکستان نے ایک ہزار ون ڈے میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا



















