لاہور(کرائم رپورٹر) عید الاضحی کی آمد کے پیش نظر پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عبدالکریم نے کہا ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، عید اجتماعات، مویشی منڈیوں اور شہریوں کے تحفظ کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے جبکہ سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں 30 ہزار 630 مساجد اور کھلے مقامات پر ہونے والے 907 عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے 45 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ کوئیک رسپانس فورس کی 316 خصوصی ٹیمیں بھی تعینات ہوں گی۔ سکیورٹی اور نگرانی کیلئے 11 ہزار 130 میٹل ڈٹیکٹرز، 327 واک تھرو گیٹس اور 15 ہزار 273 سی سی ٹی وی کیمرے استعمال کئے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں عیدالاضحٰی کے 5 ہزار سے زائد اجتماعات کی سکیورٹی پر 10 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ نماز عید سے قبل تمام مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات کی مکمل چیکنگ یقینی بنائی جائے جبکہ حساس مقامات پر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات، سادہ لباس میں کمانڈوز کی تعیناتی اور کومبنگ آپریشنز بھی کئے جائیں۔آئی جی پنجاب نے ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور دیگر ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کے سدباب کیلئے سائبر پٹرولنگ بھی کی جائے گی۔انہوں نے قربانی کی کھالوں کے حوالے سے حکومت پنجاب کے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم اور ممنوعہ جماعتوں کی جانب سے کھالیں جمع کرنے پر پابندی ہوگی جبکہ کھالیں جمع کرنے کیلئے لاو¿ڈ سپیکر کے استعمال کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ آئی جی پنجاب نے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے سکیورٹی امور اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ، مویشی منڈیوں، بازاروں اور مارکیٹوں کی ڈیجیٹل نگرانی اور ویجی لنس آپریشنز تیز کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے مویشی چوری، ڈکیتی اور نوسربازی کے واقعات کے تدارک کیلئے ناکہ بندی اور موثر سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے عید کے دوران اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور پتنگ بازی پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد، ٹریفک روانی کیلئے اضافی وارڈنز کی تعیناتی اور پارکوں و تفریحی مقامات پر اضافی نفری لگانے کے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے عارضی جھولوں پر پابندی اور پارکوں میں جھولوں کی سیفٹی چیکنگ میں ضلعی انتظامیہ کی معاونت کی بھی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ عید تعطیلات کے دوران مری اور دیگر سیاحتی مقامات پر آنے والے شہریوں کی سہولت اور تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ دوسری طرف پنجاب پولیس کی اسسٹنٹ شگفتہ زمان نے سی ایس ایس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرکے محکمہ پولیس کا نام روشن کر دیا۔ اس موقع پر شگفتہ زمان نے سنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم سے ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شگفتہ زمان کی شاندار کامیابی پر انہیں اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شگفتہ زمان نے سی ایس ایس امتحان میں کامیابی حاصل کرکے پنجاب پولیس کیلئے اعزاز حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شگفتہ زمان کی بہترین کامیابی قابل تحسین ہے اور امید ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور اختیارات کو ملک و قوم کی ترقی اور عوامی خدمت کیلئے بروئے کار لائیں گی۔آئی جی پنجاب نے شگفتہ زمان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ٹریننگ بھرپور تندہی، لگن اور محنت سے مکمل کریں تاکہ مستقبل میں بہترین انداز میں قومی خدمات سرانجام دے سکیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شگفتہ زمان کا انتخاب پاکستان آڈٹ اینڈ اکاو¿نٹس گروپ میں ہوا ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سے بی ایس باٹنی میں گولڈ میڈلسٹ بھی ہیں اور سنٹرل پولیس آفس میں بطور اسسٹنٹ خدمات انجام دے رہی ہیں۔ترجمان کے مطابق شگفتہ زمان کے دو بھائی بھی پنجاب پولیس میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جن میں ایک بطور ٹی ایس آئی جبکہ دوسرا بطور ٹریفک اسسٹنٹ فرائض انجام دے رہا ہے۔اس موقع پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو سلیمان سلطان رانا، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس محبوب راشد اور اے آئی جی فنانس ندا عمر چٹھہ بھی موجود تھیں۔
مساجد، امام بارگاہوں، عید اجتماعات اور عوامی جان و مال کے تحفظ کی حکمت عملی بنالی :آئی جی پنجاب



















