پاکستان اور چین کے درمیان 15 اہم معاہدوں پر دستخط ہوگئے

بیجنگ (مشرق نیوز) پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب بیجنگ میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق 15 اہم دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چین کے قومی ترقی و منصوبہ بندی کمیشن کے ڈائریکٹر نے ترقیاتی تعاون سے متعلق دستاویزات پر دستخط کئے۔ ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر چین کے وزیر ماحولیات ہوانگ رنچیانگ اور پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے دستخط کئے۔

پاکستان اور چین کے درمیان ویٹرنری ویکسین عطیہ کی حوالگی کی دستاویز پر وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر اور چین کے وزیر زراعت ژانگ ژو نے دستخط کئے۔ خشک میوہ جات کے معائنے، قرنطینہ اور حفظانِ صحت کے تقاضوں سے متعلق پروٹوکول پر چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کی وزیر سن می جون اور خلیل ہاشمی نے دستخط کئے جبکہ مکئی کے نباتاتی صحت کے تقاضوں سے متعلق پروٹوکول پر بھی دونوں ممالک کے حکام کے درمیان اتفاق ہوا۔

مطابقتی جانچ میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر چین کی سٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف مارکیٹ ریگولیشن کے ڈائریکٹر اور پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے دستخط کئے۔ اس موقع پر چینی خبر رساں ایجنسی اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے درمیان بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس پر وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ اور چینی خبر ایجنسی کے صدر نے دستخط ثبت کئے۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پارٹی اسکول اور پاکستان نیشنل اسکول پبلک پالیسی کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے، کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پارٹی اسکول کے نائب صدر شی چن تاو اور خلیل ہاشمی نے دستخط کئے۔

اسی طرح سائنس و ٹیکنالوجی، آزاد تجارت، کثیرالجہتی تعاون، انسداد دہشت گردی آلات، انسانی وسائل کی ترقی اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون سے متعلق متعدد معاہدے بھی طے پائے۔ چین فارن افیئرز یونیورسٹی اور پاکستان فارن سروس اکیڈمی کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر ڈی جی فارن سروس اکیڈمی سعید جیلانی اور چینی یونیورسٹی کے پارٹی سیکرٹری نے دستخط کئے۔