لاہور(انویسٹی گیشن سیل /آصف مغل) چلڈرن ہسپتال لاہور میں پروفیسرز کی سیٹیں خالی، انتظامیہ کی غفلت اور مبینہ سازش کے باعث معصوم مریض رل گئے۔پنجاب کے سب سے بڑے بچوں کے چلڈرن ہسپتال لاہور میں پروفیسروں کی درجنوں اہم ترین نشستیں خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے باعث دور دراز سے آنے والے معصوم مریض اور ان کے والدین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ ان خالی نشستوں کو پر کرنے میں نہ صرف بری طرح ناکام رہی ہے بلکہ مبینہ طور پر اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے سازش کے تحت ان سیٹوں پر تعیناتیوں کو روکا جا رہا ہے تاکہ انکے من پسند افراد آسکیں۔ اس وقت ہسپتال کے متعدد اہم ترین شعبہ جات مستقل پروفیسروں سے محروم ہیں جن میں ڈیویلوپمنٹ وارڈ ، پلمونولوجی ، پلاسٹک سرجری، آرتھوپیڈک سرجری ،نیفرالوجی ، نیورو سرجری، انستھیزیا، ریڈیالوجی، نیونٹالوجی یونٹ 2، فزیکل میڈیسن، یورالوجی، سرجری ایمرجنسی وارڈ 3 ، اینڈوکرائنالوجی جیسے انتہائی حساس شعبے شامل ہیں۔ ہسپتال کی انتظامی غفلت کا سب سے بڑا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے کیونکہ مستقل سربراہان نہ ہونے سے شعبہ جات کا نظم و نسق بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ ریڈیالوجی کے شعبے جہاں انٹروینشنل ریڈیالوجی کے پروفیسر کی سیٹ خالی ہونے اور باقاعدہ فعال ڈپارٹمنٹ نہ ہونے کی وجہ سے تشخیصی عمل مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور پوزیشن خالی ہونے کے باعث غریب مریضوں کو ٹیسٹوں کیلئے مہینوں اور سالوں کا وقت دیا جا رہا ہے جبکہ بچوں کے شریان کے پھوڑوں کے خاص علاج کا بھی سالوں کا ٹائم دیا جا رہا ہے۔ اس سنگین بحران کے دوران، چلڈرن ہسپتال فیصل آباد کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران یہاں آ کر معصوم بچوں کا ہمدردانہ اور انتھک علاج کر رہے ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر لاہور میں پروفیسر کی سیٹ خالی ہونے کے باوجود انہیں یا کسی دوسرے قابل معالج کو یہاں مستقل طور پر تعینات نہیں کیا جا رہا۔ ذرائع کے مطابق بچوں کے اس واحد اور بڑے ہسپتال میں جان بوجھ کر سیٹ خالی رکھی گئی ہے تاکہ یہاں میرٹ پر تعیناتیاں نہ ہو سکیں۔ موجودہ وائس چانسلر اور ڈین نے پنجاب کے واحد انٹروینشنل ریڈیالوجی پروفیسر اقبال ڈوگر کا تبادلہ نہ ہونے دیا۔ مزید یہ کہ پروفیسر آصف قریشی کو بھی سازش کر کے نہ آنے دیا گیا ۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس غفلت کا فوری نوٹس لیکر خالی سیٹوں پر مستقل تعیناتیوں کے احکامات فوری جاری کر کے عوام کے مسائل حل کریں۔
غفلت یا سازش، چلڈرن ہسپتال لاہور میں پروفیسرز کی سیٹیں خالی، معصوم مریض اور والدین پریشان



















