لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس نے ایسٹر کے مذہبی تہوار کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کرسچین کمیونٹی اور فورس کے تمام مسیحی پولیس افسران و اہلکاروں کو ایسٹر کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔آئی جی پنجاب کے مطابق ایسٹر کے موقع پر صوبہ بھر میں ہونے والے 3153 مذہبی پروگرامز کی سکیورٹی کیلئے 17 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ لاہور میں 647 پروگراموں کی حفاظت کیلئے 3 ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری، سنائپرز اور پولیس کمانڈوز تعینات کر دئیے گئے ہیں۔ شرکا کو مکمل چیکنگ اور شناخت کے بعد ہی گرجا گھروں میں داخلے کی اجازت دی جائیگی۔ مزید برآں پولیس اور کمیونٹی رضا کاروں کو مشکوک افراد، سامان اور اطراف کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔آئی جی پنجاب نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں اور متعلقہ انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ریسپانس یونٹ ،ڈولفن اسکواڈ اور ایلیٹ فورس کے جوان حساس عبادت گاہوں کے اطراف موثر پٹرولنگ کو یقینی بنائیں۔مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایسٹر کی دعائیہ اور مذہبی تقریبات کے اختتام تک کوئی بھی اہلکار اپنا ڈیوٹی پوائنٹ ہرگز نہ چھوڑے، جبکہ شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ایسٹر پر حساس گرجا گھروں میں اضافی نفری تعینات



















