بھارتی ہٹ دھرمی پاکستان کے ساتھ مذہبی سیاحت کے فروغ میں بڑی رکاوٹ

لاہور(قاضی ندیم اقبال) بھارتی ہٹ دھرمی کے نتائج، مودی سرکارکی پالیسیاں دونوں ممالک کے مابین مذہبی سیاحت کے فروغ کی راہ میں رکاوٹ بن گئیں۔ہندو توا کے پیروکار ہی پاکستان میں منعقد ہونے والی ہندو عقائد کی اہم ترین تقریبات کے انعقاد میں حائل ہو گئے۔بھارتی حکومت کے سبب ماہ دسمبر2025 میں ہمسایہ ملک سے ہندو شہری پاکستان کے دورے پر نہ آسکے اور مملکت خداداد میں ہندو عقائد کے حوالے سے دو اہم ترین مذہبی تقریبات منعقد نہ ہو سکیں۔ذرائع کے مطابق مودی سرکار کی ہندو توا پالیسی نے جہاں ایک جانب جنوبی ایشیائی خطے کا امن داﺅ پر لگا رکھا ہے وہیں پر بھارتی سرکاری کی پالیسیاں مذہبی سیاحت کے فروغ کی راہ میں بھی حائل ہو چکی ہیں۔ عالمی دباﺅ کے باوجود مودی سرکار ٹس سے مس ہوتی دکھائی نہیں دیتی۔ ایک جانب عالمی سطح پر بین المذہب ہم آہنگی کے حوالے سے پاکستان کی پہچان گورودوارہ دربار صاحب ، اور کرتار پور راہداری کی یاترا کے خواہشمند بھارتی سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی تو دوسری جانب مودی سرکار نے اپنے ہندو شہریوں کو بھی پاکستان آنے سے روک دیاہے۔ جس کے باعث پاکستان آکر اپنے مقدس مقامات پر ماتھا ٹیکنے کے خواہشمند ہندو یاتری بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں تو دوسری جانب ان کے پاکستان نہ آنے کے سبب رواں برس 2025میں ہندو عقائد کے حوالے سے دو اہم ترین تقریبات کا انعقاد بھی رواں ماہ دسمبر میں ممکن نہیں ہو سکا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین 1974 میں طے پانے والے پروٹوکول کے تحت پاکستانی ہائی کمشن نئی دہلی ہر سال کٹاس راج میں ”پربھانو سپٹمی“ شیو راتری پوجا/کارتک پوجا اور پوتر اشنان “ کی مرکزی تقریبات میں شرکت کیلئے 200بھارتی ہندو یاتریوں جبکہ جنم دن سائیںسوامی شادا رام (سکھر) اندرون سندھ میں منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کے خواہشمند 400ہندو یاتریوں کو پاکستان یاترا کے ویزے جاری کرنے کا پابند ہے۔اور اسی معاہدے کی روشنی میں حکومت پاکستان ہندو شہریوں کو ہر سال ان دو تقریبات میں شرکت کے حوالے سے ویزے جاری کرتی ہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ حکام نے حکومتی ترجیحات کی روشنی میں ہندو یاتریوں کے دو گروپس کے استقبال، طعام، قیام کے حوالے سے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی۔ تاہم دوسری جانب بھارتی سرکار نے ان دو تقریبات میں شرکت کے خواہاں ہندو یاتریوں کو نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کو اپنے پاسپورٹ جمع کروانے کی اجازت ہی نہیں۔ اس ضمن میں ریاستی انتظامیہ کی وساطت سے ان کو پاسپورٹ جمع کروانے سے روک دیا جس کے باعث ماہ رواں ماہ دسمبر 2025میں کٹاس راج اور سکھر میں ہندو پیروکاروں کی تقریبات کا انعقاد بھی ممکن نہیں ہو سکا۔