گناہوں کا اعتراف کریں گے تو آخرت کی سزا سے بچیں گے، چیف جسٹس

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے گناہوں کا اعتراف کریں گے تو آخرت کی سزا سے بچیں گے۔

وراثتی جائیداد کی منتقلی کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے بیوہ شمیم اختر کو فوری طور پر وراثتی جائیداد منتقل کرنے کا حکم دےدیا،سپریم کورٹ نے جھوٹی گواہیوں اور بوگس مقدمے بازی پر مخالف فریقین کو 5لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا اور حکم دیا فریقین کو 5لاکھ جرمانہ 3ماہ میں ادا کرنا ہو گا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا جرمانہ نہ دینے پر ریونیو ڈیپارٹمنٹ جائیداد سے ریکوری کرے گا، وراثت کے سادہ مقدمے کو پیچیدہ بنا دیا گیا، خواتین کو وراثت سے محروم کرنے کا کلچر ختم ہونا چاہیے،بوگس و جعلی گواہیاں دینے پر فریقین کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

چیف جسٹس نے کہا26سال سے مقدمے بازی بہت ہو چکی،چاہتے ہیں فریقین بیوہ کا حق مار کر مزید گناہ نہ کریں جو چاہتا ہے جائیداد دبا لیتا ہے، وکلا کو بھی جھوٹے مقدمات نہیں لینے چاہئیں، بار کو وکلا کی شکایت کریں گے تو سینئرز آ جائیں گے۔