کھوکھلے مذاکرات ،دعووں سے کچھ نہیں ہوتا،پی ٹی آئی کا بلاول بھٹو کوجواب

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عمران خان کے آفیشل ایکس اکاونٹ سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاونٹ بند کرنے کے کیس پرسماعت جسٹس ارباب طاہر نے کی ،جسٹس ارباب طاہر نے بیرسٹر گوہر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کو ذاتی طور پر نہیں بلایا تھاصرف تحریری جواب بھجوا دیتے، چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت میں بانی پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاونٹ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی اکاونٹ کوکلیم نہیں کرتی،حالات تبدیل ہوگئے ،کچھ وقت دیاجائے، جواب جمع کرا دیں گے، جج نے کہا آپ کو وقت دیتے ہیں جوکہنا ہے تحریری طور پر جمع کرائیں،بیرسٹر گوہر نے کہا عدالت کچھ زیادہ وقت دے تو تفصیلی جواب جمع کرادیں گے، عدالت نے بیرسٹر گوہر کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی۔

دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے بلاول بھٹو کی دعوت پر جواب دیتے ہوئے کہا کھوکھلے مذاکرات ،دعووں سے کچھ نہیں ہوتا، مذاکرات کے پیچھے تو حکومت چلی گئی،مذاکراتی کمیٹی کےساتھ بیٹھے پھر کس نے کہا مذاکرات چھوڑ دیں،ڈیڈ لاک کی صورت میں کیا بات چیت ختم ہو جاتی ہے؟ کیا مذاکرات میں فریقین ٹیبل سے اٹھ جاتے ہیں؟ وہ کون لوگ تھے جنہوں نے آپ کو مذاکرات کی میز سے اٹھایا اور کیوں؟۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا گورنر راج ناجائز ، ماورائے قانون اقدام ہے،آپ نے پوری بیوروکریسی کو تبدیل کر دیا اب پوری سیاسی جماعت کو ختم کرنے کےلئے پیچھے لگے ہیں، اقدامات جمہوریت کے بھی خلاف ہیں، سلسلہ بند ہونا چاہیے،پارٹی کا 11 اکتوبر کے بعد سے سہیل آفریدی ،ایم پی ایز ،سپیکر صوبائی اسمبلی کےساتھ رابطہ نہیں ہو رہا۔