ساہیوال میں 100 بیڈ کے جدید کینسر ہسپتال کی تعمیر کا فیصلہ

ساہیوال (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وڑن کے مطابق ساہیوال میں 100 بستروں پر مشتمل جدید کینسر ہسپتال تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے ساہیوال ڈویڑن کے کینسر کے مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آنے کی توقع ہے۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود نے ساہیوال کا دورہ کیا اور ہسپتال کی تعمیر کیلئے مجوزہ مقام کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری فاریسٹ ملک قاسم ندیم، کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل اور ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفد نے ڈی ایچ کیو حاجی عبدالقیوم ہسپتال میں مجوزہ کینسر ہسپتال کی سائٹ کا معائنہ کیا اور منصوبے کے حوالے سے انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق کے مطابق 100 بستروں پر مشتمل جدید کینسر ہسپتال ساہیوال ڈویژن کے مریضوں کیلئے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا، اس منصوبے کا مقصد خطے کے مریضوں کو کینسر کے علاج کی سہولیات فراہم کرنے میں بہتری لانا ہے، ہسپتال کی تعمیر سے متعلق مزید تفصیلات اور منصوبے کی تکمیل کے شیڈول کے بارے میں تاحال کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔