راولپنڈی (مشرق نیوز) ہولی فیملی ہسپتال میں کیرو ابلیشن مشین کے ذریعے کینسر کے علاج کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس جدید علاج کیلئے 15 پروب ہسپتال پہنچ گئے ہیں۔ ایک پروب کی مالیت 16 لاکھ روپے ہے اور ہر پروب صرف ایک مریض کے علاج کیلئے استعمال ہوگا۔ راولپنڈی کے چار ہسپتالوں میں کیرو ابلیشن کیلئے کینسر مریضوں کے کیس فلٹر کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
لیور، لنگز، بریسٹ اور کڈنی کے کینسر میں مبتلا مریض کیرو ابلیشن کیلئے منتخب ہوں گے جبکہ 2 سینٹی میٹر تک کے کینسر ٹیومر والے مریضوں کا علاج ممکن ہوگا۔ کیرو ابلیشن کے ذریعے کینسر ٹیومر کو منفی 180 ڈگری پر فریز کرکے اور 100 ڈگری حرارت سے جلا کر ختم کیا جائیگا۔ کیرو ابلیشن مشین سے کینسر کا علاج مکمل طور پر مفت ہوگا اور مریضوں سے کوئی چارجز نہیں لئے جائیں گے۔
ہولی فیملی ہسپتال، بینظیر بھٹو ہسپتال، راولپنڈی ٹیچنگ ہسپتال اور پی کے ایل آئی سے مریضوں کے کیس بھجوائے جائیں گے۔ کیرو ابلیشن سے قبل نوری ہسپتال اسلام آباد کے ماہر ڈاکٹرز سے مریضوں کی کنسلٹیشن بھی ہوگی۔
پہلے مرحلے میں 15 مریضوں کا کیرو ابلیشن مشین کے ذریعے علاج کیا جائیگا۔ 15 مریضوں کے علاج کے بعد مزید مریضوں کیلئے پروب فراہم کئے جائیں گے۔ 2 سینٹی میٹر سے بڑے کینسر ٹیومر والے مریض کیروابلیشن کیلئے اہل نہیں ہوں گے۔
راولپنڈی، ہولی فیملی ہسپتال میں کیرو ابلیشن سے کینسر کا مفت علاج شروع



















