ہر ماہ ”ہسپتال آف دی منتھ“کے اعزاز کا اعلان، ناقص کارکردگی پر 4ایم ایس تبدیل کرنے کاحکم

لاہور:(اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے کلینک آن ویل پراجیکٹ نے تاریخ رقم کردی،مختصرمدت میں صرف911کلینک آن ویل میں 3کروڑ مریض مستفید ہوئے۔

مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیولنک اجلاس ہوا،پنجاب میں 300مریم نواز ہاسپٹل (رورل ہیلتھ سنٹر) کو مکمل ہسپتالوں میں بدلنے ،پہلی مرتبہ کلینک آن ویل کےلئے ڈیجیٹل میڈیکل باکس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا،ڈیجیٹل میڈیکل باکس میں الٹرا ساونڈ،بلڈ شوگر،سی بی سی ،ای سی جی کی جاسکے گی،ڈیجیٹل میڈیکل باکس سے کیمرہ منسلک کرکے ٹیلی کانفرنس ہوسکے گی،موبائل سے لنک ہونیوالی سمارٹ الٹرا ساونڈ ڈیوائس بھی متعارف کرائی جائے گی، اجلاس میں پرائیویٹ کلینکس کو ایچ آئی ایم ایس سسٹم سے منسلک کرنے کیلئے قانون سازی پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ناقص کارکردگی اورفرائض سے غفلت پر 4ہسپتالوں کے ایم ایس فوری تبدیل کرنے اور ہنگامی صورتحال کیلئے ڈاکٹرز ،ایم ایس کا پول قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاصوبے بھر میں بہترین کام کرنے پر”ہسپتال آف دی منتھ“کا اعزاز ملے گا،ضلعی وتحصیل ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال ،پارکنگ کے امور بہتر ،ہرضلع میں نئی سٹی سکین مشین مہیا کرنے، موسمی اورعام امراض کیلئے ٹیلی میڈیسن سینٹر قائم کیاجائے۔

دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیرنے ملاقات کی،مریم نواز نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری الیکشن مہم پر خواجہ عمران نذیر کو شاباش،ویژن الائنس کے تمام اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباددیتے ہوئے کہا امید ہے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیدار صنعت و تجارت کے فروغ میں حکومت پنجاب کا ساتھ نبھائیں گے۔

علاوہ ازیں ریڈرشپ ڈے پرمریم نواز نے خصوصی پیغام کے موقع پر پرنٹ میڈیاسے وابستہ صحافیوں ،آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی اورپرنٹ میڈیا سے متعلقہ تمام تنظیموں کے عہدیداروں ،اراکین کو مبارکباددیتے ہوئے کہااخبار معلومات کی بھرمار کے موجود ہ دور میں بھی اطلاعات کا مستند ذریعہ ،اخبارات میں ایڈیٹوریل چیک کے ذریعے غلط ،گمراہ کن معلومات کو روکنا قابل تحسین و تقلید ہے،اخبارات نے ہر دور میں شعور وآگاہی اوررائے عامہ کی صحیح سمت میں رہنمائی کیلئے اہم کردارادا کیا،ڈیجیٹل ،سوشل میڈیا دور کے باوجود پرنٹ کی افادیت برقراررہے گی۔