نیویارک (مشرق نیوز) ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ سالم اجناس (ہول گرین) غذاوں کا استعمال کمر کی چوڑائی اور دل کی صحت کیلئے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق روزانہ تقریباً 48 گرام ہول گرین (جو دو بڑے سلائس براون بریڈ یا ایک پیالی دلئے کے برابر ہے) کو دل کی صحت سے متعلق متعدد فوائد سے منسلک پایا گیا۔
محققین نے ہول گرین غذاوں اور قلبی صحت سے متعلق دستیاب تحقیق کا جائزہ لیا جس میں 87 کلینیکل ٹرائلز بھی شامل تھے۔ ہول گرین سے مراد ایسی غذائیں ہیں جن میں اناج کے تمام بنیادی حصے برقرار رہتے ہیں۔ تحقیق میں براون یا ہول گرین بریڈ کے علاوہ اوٹس، ہول ویٹ پاستا اور براون رائس کو بھی ہول گرین غذاوں میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سفید چاول اور عام پاستا اس کے متبادل کم صحت بخش آپشنز سمجھے جاتے ہیں۔
نتائج کے مطابق روزانہ 48 گرام ہول گرین استعمال کرنے سے دل کی صحت میں بہتری کے آثار دیکھے گئے۔ تاہم، 60 سے 100 گرام روزانہ استعمال کرنے پر فوائد زیادہ نمایاں تھے، جو تقریباً چار بڑے سلائس ہول گرین بریڈ کے برابر بنتے ہیں۔
اس مقدار کے ساتھ بلڈ پریشر، ایل ڈی ایل (خراب) کولیسٹرول اور خون میں موجود نقصان دہ چکنائیوں میں زیادہ کمی دیکھی گئی۔ ماہرین کے مطابق خوراک میں ہول گرین غذاوں کو شامل کرنا دل کی صحت بہتر رکھنے والی مجموعی غذائی عادات کا ایک حصہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین نے سالم اجناس پر مبنی غذا صحت کیلئے مفید قرار دیدی

















