انڈسٹری کا پہیہ کسی صورت رکنا نہیں چاہئے: چوہدری شافع حسین

لاہور (جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہا¶س ڈیوس روڈ پر اہم اجلاس منعقدہوا جس میں داروغہ والا اور سگیاں ایریا میں موجود انڈسٹری کی ریگولرائزیشن کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ایوان صنعت و تجارت لاہور کے صدر فہیم الرحمن سہگل،سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، داروغہ والا اور سگیاں ایریا کی انڈسٹری کی تنظیموں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔روڈا کے سی ای او عمران امین اور انکی ٹیم بھی اجلاس میں شریک ہوئی۔داروغہ والا اور سگیاں کے علاقے میں موجود انڈسٹری پر روڈا کے عائد کردہ چارجز کے حوالے سے انڈسٹری کے نمائندوں کی تجاویز پر غور ہوا۔روڈا کی ٹیم انڈسٹری کے نمائندوں کی کمرشلائزیشن اور ڈویلپمنٹ چارجز کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لے گی۔ تجاویز کا جائزہ لے کر آئندہ دو ہفتوں میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا،جوبھی طے ہوگا اس پر عملدرآمد کیلئے روڈا اور انڈسٹری کے نمائندوں کے مابین معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ داروغہ والا اور سگیاں ایریا میں واقع انڈسٹری کے معاملات باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے طے کرلئے جائیں گے۔داروغہ والا اور سگیاں ایریا کی انڈسٹری سے ہزاروں گھرانوں کا روزگار وابستہ ہے۔انڈسٹری کا پہیہ کسی صورت رکنا نہیں چاہئے،انڈسٹری چلے گی تو روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے جب تک روڈا چارجز بارے حتمی فیصلہ نہیں ہو جاتا،روڈا کسی فیکٹری کے خلاف ایکشن نہیں لے گا،تاہم تحفظ ماحولیات کے حوالے سے کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔وزیر صنعت و تجارت پنجاب نے کہاکہ تحفظ ماحولیات کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے والی انڈسٹری کو بالکل تنگ نہ کیا جائے۔انڈسٹری تحفظ ماحولیات کے ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنائے۔آئندہ نسلوں کو آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔