آئی ایم ایف شرائط، وزارت خزانہ کا اضافی بجٹ گرانٹ پر پابندی کا فیصلہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت عائد شرائط پر عملدرآمد کیلئے وزارت خزانہ نے فیصلہ کیا ہے کہ شدید قدرتی آفات کے علاوہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ بجٹ کی حد سے زائد کسی بھی غیر بجٹ شدہ اضافی اخراجات کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ پر غور نہیں کیا جائیگا۔

وزارت خزانہ کے بجٹ ونگ نے رواں مالی سال کے دوران فنڈز کی دوبارہ تخصیص اور اضافی فنڈز کی فراہمی کیلئے حکمت عملی وضع کردی ہے۔ اسکے تحت جہاں مطلوبہ فنڈز دوبارہ تخصیص یا ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے فراہم نہیں کئے جاسکتے، وہاں متعلقہ پرنسپل اکاونٹنگ آفیسر کو سپلیمنٹری گرانٹ کے حصول کیلئے ٹھوس جواز اور قابل قبول وجوہات فراہم کرنا ہوں گی۔

یہ ہدایات اور رہنما اصول رواں اور آئندہ مالی سالوں میں تمام پرنسپل اکاونٹنگ افسران، محکموں، اداروں، ماتحت دفاتر اور اکاونٹنگ تنظیموں و دفاتر پر لاگو ہوں گے۔