لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں افواج پاکستان کی بے مثال خدمات اور لازوال جذبہ ایثار و قربانی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے پر افواج پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے، ملکی بقا اور سلامتی کیلئے پاک فوج کے لازوال جذبہ ایثار و قربانی کی کہیں مثال نہیں ملتی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر افواج پاکستان کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، پنجاب پولیس ملک کی اندرونی، بیرونی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ یوم دفاع وطن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا سے تجدید عہد کا دن ہے۔ پولیس فورس کے افسران اور جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ دشمن ممالک ففتھ جنریشن وار کے ذریعے ہماری نظریاتی سرحدوں پر حملہ آور ہیں، ہمیں ففتھ جنریشن وار میں اپنی سماجی اقدار کا دفاع، نئی نسل کی اخلاقی و دینی تربیت کرنا ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس نے ملکی اندرونی سرحدوں، شہریوں کی حفاظت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور انشاءاللہ ہمیشہ رہےگا۔
دفاع ناقابل تسخیر بنانے پر افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں :آئی جی پنجاب


















