لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی احمد خان نے یومِ دفاع کے موقع پر شہدا اور قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے شہداءکی لازوال قربانیوں کو فخر سے یاد کرتی ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس میجر عزیز بھٹی شہید جیسے عظیم سپوتوں کی مثال موجود ہے جبکہ ایم ایم عالم جیسے قومی ہیروز نے اپنی شاندار کارکردگی سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا، جس کا تذکرہ آج بھی تاریخ کے روشن باب کے طور پر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 1965ءکی جنگ میں بھارت نے پاکستان کو فتح کرنے کے ارادے سے جنگ مسلط کی تاہم پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی فوج کو پیچھے دھکیل دیا اور بھارت کو واضح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ 65ءکی جنگ 17روز تک جاری رہی اور مذاکرات و تاشقند معاہدے کے نتیجے میں اختتام پذیر ہوئی۔ ملک احمد خان نے کہا کہ 1971ءکی جنگ کے واقعات بھی قومی تاریخ کا حصہ ہیں، پاکستان گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف مسلسل جنگ لڑ رہا ہے اور اس جنگ میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد نے جانوں کی قربانیاں دیں۔ان کا کہنا تھا کہ طلبہ، معصوم بچوں سمیت معاشرے کے ہر طبقے نے دہشت گردی کا سامنا کیا، جبکہ مساجد میں عبادت کرنے والے نمازی اور مزارات و درباروں پر جانے والے زائرین بھی دہشت گردی کا نشانہ بنے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، یومِ دفاع ہمیں ان تمام شہدا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ملک احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ ففتھ جنریشن وارفیئر کے دوران بھی پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا اور اثراندازی کے شواہد موجود ہیں، اس لئے قومی یکجہتی اور دفاعِ وطن کے جذبے کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔
یوم دفاع شہداءکی قربانیوں کو فخر و انبساط سے یاد کرنے کا دن ہے: سپیکر پنجاب


















