لاہور (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں 70 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، پنجاب کے اداروں کا ایک یونٹ کی طرح کام کرنا ہماری بڑی طاقت ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کے آرٹیفشل انٹیلی جنس سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے قانون کی پاسداری ہر طبقے پر یقینی بنانے کی کوشش کی، تاہم قانون دوسروں پر لاگو ہو تو خوشی ہوتی ہے لیکن خود عملدرآمد کرنا مشکل محسوس ہوتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کو ہیلمٹ کی پابندی کا عادی بنانا ایک مشکل فیصلہ تھا، موٹرسائیکل سواروں کے ساتھ حادثات پیش آئیں تو دکھ ہوتا ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی پر انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، لیکن تنقید سے بچنے کیلئے وہ بھی آرام سے بیٹھ سکتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ ہراسانی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، ایسے واقعات دیکھ کر انسانیت سے اعتماد ختم ہوجاتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ محفوظ ماحول فراہم کرنا آسان کام نہیں، خود کو خطرے میں ڈال کر مشکل فیصلے کیے ہیں۔ آج سب کی نظر پنجاب پر ہے، صوبے میں امن و امان بہتر بنانے کیلئے اربوں روپے خرچ کئے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق دہشت گردوں کے پاس نائٹ وژن کیمرے تھے، حکومت نے اپنی پولیس کو بھی نائٹ وژن کیمرے فراہم کیے جبکہ صوبائی سرحدوں کو محفوظ بنانے کیلئے چیک پوسٹیں قائم کی گئیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ماضی میں کچے کے علاقے سے رہزنی اور دیگر جرائم کے کیس رپورٹ ہوتے تھے، تاہم آج کچے کا علاقہ کرائم فری ہے اور وہاں ریاست کی رٹ قائم ہوچکی ہے۔
اے آئی حب کا افتتاح، پنجاب کا یونٹ کی طرح کام کرنا بڑی طاقت ہے: مریم نواز


















