گلگت میں عوامی طاقت سے جیت کر جیالا وزیراعلیٰ منتخب کرائیں گے،بلاول بھٹو


چلاس:(مشرق نیوز) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے مودی آبی جارحیت کررہاہے، وفاق دیامر بھاشا ڈیم جلد مکمل کرے۔

چلاس میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا پچھلی مرتبہ بھی الیکشن مہم کے دوران چلاس آیا ،پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے ، بدقسمتی سے 9سیٹیں چھین لی گئیں،غریب دشمن منشور رکھنے والی جماعتیں الیکشن کو منیج کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، پیپلز پارٹی صرف عوام کی طرف دیکھ رہی ہے، 7جون کوعوام کی طاقت سے جیت کرجیالا وزیراعلیٰ منتخب کرائیں گے،عوام تیر پر مہر لگائیں ،حکومت بنا کر دکھاوں گا۔

چیئرمین پی پی نے کہا چلاس کے لوگوں سے 3نسلوں کا ساتھ ہے،بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں اضافہ کریں گے،عوام سے کیے وعدوں کو پورا کیاجائےگا ،وفاق سے کہتا ہوں دیامر بھاشا ڈیم مکمل کرو،مودی حکومت آبی جارحیت کر رہی ہے،وزیراعظم شہبازشریف صاحب! لاہور سپیڈ کا سنا ہے، دیامر کی عوام کو شہباز سپیڈ دکھائےں۔

بلاول بھٹو نے کہا صدرزرداری کی حکومت سازش کے تحت ختم نہ کی گئی ہوتی تو دیامر بھاشا ڈیم بن چکا ہوتا، صدرزرداری 18ویں ترمیم نہ کرتے تو یہ موٹروے وغیرہ نہیں بنا سکتے تھے،دیامربھاشا ڈیم کی تکمیل کے بعد ہی پی ایس ڈی پی سے کسی اور منصوبے کےلئے اینٹ لگائی جائے، ایٹم بم اور میزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ پیپلز پارٹی نے دیا۔