لاہور:(قمرالزمان بھٹی،نمائندہ خصوصی)پنجاب اسمبلی نے ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز ایکٹ 2026 منظور کر لیا۔
بل وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیش کیا، نئے قانون کا مقصد تھیٹر کو منظم، معیاری ،خاندانی تفریح کےلئے موزوں بنانا، فنکاروں کے حقوق کا تحفظ اور فحاشی و غیر اخلاقی مواد کی روک تھام ہے۔
عظمیٰ بخاری نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا نئے تھیٹر ایکٹ کے تحت فنکاروں کی رجسٹریشن فیس ختم کر دی تاہم ہر فنکار کےلئے رجسٹریشن لازمی ہوگی، غیر رجسٹرڈ فنکار سے پرفارمنس کرانے کی صورت میں تھیٹر سیل کر دیا جائے گا، تھیٹرز میں ہراسانی یا فنکاروں کو کم از کم اجرت ادا نہ کرنے پر متعلقہ تھیٹر کا لائسنس منسوخ کیا جا سکے گا، فحش ،بیہودہ پرفارمنسز پر مکمل پابندی ہوگی۔
وزیر اطلاعات نے کہاقانون ثقافت، فن یا ڈرامے پر پابندی لگانے کےلئے نہیں ،تھیٹر کو ضابطے میں لانے ،ماحول کو بہتر بنانے کےلئے متعارف کرایا گیا، موجودہ کمرشل تھیٹرز میں ہونے والی سرگرمیاں معاشرے کی اخلاقی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتیں، اپوزیشن کی گفتگو سے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے تھیٹر میں سب کچھ مثالی چل رہا تھا اور حکومت نے اچانک پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا،ایکٹ کا مقصد فنکاروں کے حقوق کا تحفظ، فحاشی کا خاتمہ ،خاندانی تھیٹر کلچر کی بحالی ہے۔
پنجاب اسمبلی ،ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز ایکٹ 2026 منظور
















