لاہور: (اپنے رپورٹرسے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حکومت ،اختیارات کی نچلی سطح تک شرکت داری کےلئے پنچائیت کے ذریعے ثالثی، صلح ،دوستانہ تصفیہ کا نظام لانے کا بڑا فیصلہ کرلیا، پنچائیت کے ذریعے پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سب سے بڑی سماجی تبدیلی رونما ہوگئی اورانصاف دہلیز پر موجود ہوگا،مریم نواز نے پنجاب میں ”پنچائیت“نظام کی اصولی منظوری دے دی۔
مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں پنچائیت کے قیام کیلئے تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا یونین کونسل، موضع، علاقے ،گاوں کی سطح پر پنچائیت کمیٹیاں بنیں گی،پنچائیت کمیٹی تنازعات کو فریقین کی باہمی رضامندی سے حل کرے گی، ڈپٹی کمشنر غیر جانبدار ،عوامی اعتماد رکھنے والے مستقل رہائشی کو رکن پنچائیت مقرر کرے گا،پنچائیت کے اراکین کا انتخاب نیک نامی،غیر جانبداری ،دانشمندی کی بنیاد پر کیا جائے گا،خواتین،اقلیتیں،غربا ،پسماندہ طبقات کیلئے انصاف کی رسائی آسان ہوگی۔
بریفنگ میں کہا گیاپنچائیت کا نظام قانونی،انصاف ،غیر جانبداری کی مقررہ قانونی حدود کے اندر کام کرنے کا پابند ہوگا، پنچائیتی نظام کےساتھ عدالتی دائرہ اختیار ،فرد کے عدالتی تحفظ کے حصول کے حق کو بھی برقرار رکھا جائے گا،پنچائیت میں نمبردار،اساتذہ، ریٹائرڈ جج، ریٹائرڈآرمی افسر، ریٹائرڈ سول سرونٹس و دیگر معزز ین رکن ہوں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنچائیت پروگرام کیلئے رولز، پالیسی گائیڈ لائن ،ضوابط کا جامع پلان طلب اورپنچائیت کے اختیارات کے تعین کیلئے واضح قواعد و ضوابط متعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاتنازعات کو باہمی افہام و تفہیم مکالمے ،معززین کی دانشمندی سے حل کیا جا سکتا ہے،پنجاب میں معاشرتی ثالثی کے ذریعے چھوٹے موٹے جھگڑے نمٹانا صدیوں پرانی روایت ،پنچائیتی نظام شہریوں کو نظام انصاف میں شراکت دار بنانے کی کاوش ہے،باہمی اختلافات کو حل کرنے کیلئے عدالت ہی پہلا فورم نہیں ،پنچائیت کو ہونا چاہیے،تنازعات کولیگل فریم ورک میں غیر رسمی حل کیلئے پنجاب پنچائیت ایکٹ متعارف کرایا جارہا ہے،پنجاب پنچائیت ایکٹ باہمی رضامندی کے ذریعے تنازع حل کرنے کا سادہ کم خرچ وآسان فورم ہوگا۔
دریں اثنابچوں کے جنسی استحصال، بدسلوکی، تشددکے روک تھام اور بحالی کے عالمی دن پراپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا بچوں کی حفاظت، عزت ،بہتر مستقبل کےلئے موثر اقدامات ناگزیر ، بچوں ،خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سپیڈی کورٹس قائم کی جارہی ہیں، بچوں ،خواتین کے استحصال میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دینے کیلئے نیا ایکٹ لائیں گے،بچوں کو جنسی استحصال، بدسلوکی ،ہر قسم کے تشدد سے محفوظ بنانا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے،بچوں کےساتھ بدسلوکی ،تشدد صرف جرم نہیں بلکہ شرف انسانیت کے برعکس ،بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر سماج کے مجرم ،سخت کارروائی ناگزیر ہے۔
انصاف دہلیز پر،پنجاب میں ”پنچائیت“نظام کی اصولی منظوری
















