ہوبارٹ (مشرق نیوز) کرکٹ آسٹریلیا نے 2018 کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر سکینڈل میں ملوث کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کو اپنے تجربات اور واقعات سے متعلق موقف پیش کرنے کیلئے ایک آزاد فورم قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے عبوری چیئرمین ڈیوڈ بون اور چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرینبرگ نے ہوبارٹ میں پریس کانفرنس کے دوران اس فیصلے کی تصدیق کی۔
فورم کی کارروائی خفیہ رکھی جائیگی اور 2018 کے دورہ جنوبی افریقہ میں شامل افراد اپنی مرضی سے شرکت کر سکیں گے۔ ٹوڈ گرینبرگ کے مطابق ابتدائی تحقیقات دوبارہ نہیں کھولی جائیں گی اور نہ ہی انہیں عوام کے سامنے لایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ کھیلنے والے 11 میں سے صرف 8 کھلاڑیوں کے انٹرویوز کئے گئے تھے۔
فورم کی سربراہی کیلئے آزاد شخصیت، ممکنہ طور پر سابق جج یا کنگز کونسل مقرر کیا جائیگا۔ یہ پیشرفت عثمان خواجہ کی سوانح عمری میں کیے گئے انکشافات کے بعد سامنے آئی ہے جن کی ڈیوڈ وارنر نے بھی حمایت کی،جبکہ پیٹ کمنز نے ان دعووں کو مسترد کیا تھا۔ سابق فاسٹ بولر چاڈ سائرز نے بھی خواجہ کے موقف کی تائید کی۔
عثمان خواجہ نے فورم کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے شفافیت پر سوالات اٹھائے جبکہ وارنر نے کہا کہ معاملہ مزید سزاو¿ں کا نہیں بلکہ جوابدہی اور حقائق سامنے لانے کا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ماضی کو دوبارہ کھولنا نہیں بلکہ آسٹریلوی کرکٹ میں اعتماد اور اتحاد بحال کرنا ہے۔
8 سال بعد سینڈ پیپر سکینڈل پھر زیر بحث، کرکٹ آسٹریلیا نے بڑا فیصلہ کرلیا
















